کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے قومی اسمبلی کی نشست 264 کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرادیے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کراچی سٹی کورٹ پہنچے جہاں انہوں نے حلقہ این اے 246 کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو کا مشن مکمل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں پارلیمانی سیاست میں آرہا ہوں اور اب بہت عرصے بعد ایک مرتبہ پھر پارلیمان میں بھٹو ہوگا، اور میں سمجھتا ہوں کہ بھٹو ہی جمہوریت کا دفاع کر سکتا ہے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کی خدمت ہمارے لیے خوشی کا باعث ہے۔
بعدِ ازاں بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے علاقے لیارے میں لی مارکیٹ، چاکیواڑہ، بغدادی اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران مقامی افراد نے ان کا گرم جوشی کے ساتھ استقبال کیا اور ان کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔
ادھر سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری 8 جون کو لاڑکانہ میں قومی اسمبلی کی نشست کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائیں گے۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے علاوہ خیبرپختونخوا سے بھی انتخاب میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔