مانسہرہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری آج مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری پارٹی کی قیادت سنبھالنے کے بعد پہلی بار مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں اور جلسہ گاہ کو رنگ برنگے پارٹی پر چموں ، بڑے بڑے بینرز اور ہورڈنگز سے سجایا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیر مین کے ہمراہ پارٹی کی مرکزی قیادت کی آمد بھی متوقع ہے جب کہ پی پی پی ہزارہ ڈویژن کے صدر سید احمد شاہ نے مانسہرہ ٹاون شپ میں منعقدہ جلسے میں 25 ہزار سے زائد افراد کی شرکت کا دعویٰ کیا ہے۔ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن شجاع سالم خان کا کہنا تھا کہ 70 کی دہائی کے بعد پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کا ہزارہ ڈویژن میں پہلا جلسہ ہے۔ دوسری جانب جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر روبینہ خالد، فیصل کریم خان کنڈی اور شجاع سالم خان مانسہرہ میں موجود ہیں۔