اسلام آباد(یس اردو نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بجٹ سے متعلق تمام معاملات نمٹانے کے بعد کورونا کے باعث پنجاب میں معطل سرگرمیاں بحال کریں گے۔ اس سلسلے میں بلاول سب سے پہلے لاہور کا دورہ کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے ملاقات کی جس میں اے پی سی اور پنجاب کی سیاست پر مشاورت کی گئی۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بجٹ پر مشترکہ لائحہ عمل کیلئے اپوزیشن جماعتوں سےرابطےبڑھارہےہیں، یہ وقت ہےکہ اپوزیشن متحدہوکرحکومت کےعوام دشمن اقدامات کو روکے۔قمرزمان کائرہ نے میڈیا سے گفتگو کرتےہوئےکہاکہ بلاول بھٹو زرداری کورونا کی وجہ سے پنجاب میں اپنی معطل کی گئی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنےجارہے ہیں، بجٹ اجلاس کے فوری بعد بلاول بھٹو زرداری لاہور آئیں گے اور آئندہ ہفتے کے آخر میں لاہور میں ڈیرے ڈالیں گے۔قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ کورونا کے حالات کی وجہ سے چیئرمین کا کارکنوں سے ویڈیو لنک پر رابطہ ہوگا ،پارٹی کے مختلف سطح پر ویڈیو لنک اجلاس بلاول ہاؤس لاہور سے ہوں گے ۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پارٹی چیئرمین نے کارکنوں سے رابطے بڑھانے اور بلدیاتی اداروں کی تیاریوں کا کہا ہے ۔