پاکستان تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے نگراں وزیراعظم کے لیے جسٹس (ر) ناصرالملک کے نام کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جسٹس (ر) ناصر الملک کو نگراں وزیراعظم تعیناتی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی تعیناتی جمہوریت کی بالادستی کی جانب اہم قدم ہے ۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں جسٹس (ر) ناصر الملک کی بطور نگراں وزیراعظم تعیناتی کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہیں مبارکباد دی ہے ۔
ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان اور پوری جماعت کی جانب سے جسٹس (ر) ناصرالملک کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کرتے ہیں۔
جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ جسٹس (ر) ناصرالملک کا نام قبول ہے، ہمیں توقع ہے کہ وہ صاف و شفاف انتخابات کرانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
عوامی نیشنل پارٹی نے بھی جسٹس (ر) ناصرالملک کی بطور نگراں وزیراعظم نامزدگی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ناصرالملک کی بطور نگراں وزیراعظم نامزدگی خوش آئند ہے۔