اسلام آباد(ایس ایم حسنین) اپوزیشن جماعتوں نے مجموعی طور پر حکومتی اتحاد سے زیادہ ووٹ حاصل کیے جوکہ پی ٹی آئی کی عدم مقبولیت کا ثبوت ہے۔ یہ بات چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے کے دوران گفتگو میں کہی۔ تفصیلات کے مطابق دونوں راہنمائوں نے ٹیل فونک گفتگو کے دوران گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کی مذمت کی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ دھاندلی کے باوجود اپوزیشن جماعتوں کا حکومتی اتحاد سے زیادہ ووٹ لینا پی ٹی آئی کی عدم مقبولیت کا ثبوت ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ شب کو پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے درمیان بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جس میں انھوں نے دیگر امور کے علاوہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی تھی۔