ممبئی: بھارتی اداکارہ بپاشا باسو جو اپنی فٹنس ڈی وی ڈیز کی وجہ سے پہلے ہی خصوصی شہرت رکھتی ہیں، اب ایک ویب سائٹ کےلئے فٹنس بلاگ بھی لکھا کریں گی۔ اس بات کا انکشاف بپاشا کے ایک قریبی دوست نے نام نہ بتانے کی شرط پر کیا ہے۔
’’بپاشا کی فٹنس اور فیگر، دونوں ہی مثالی ہیں اور وہ پُرکشش دکھائی دینے پر ہمیشہ خاص توجہ دیتی ہیں۔ صرف ورزش ہی نہیں بلکہ وہ کھانے پینے کے معاملے میں بھی اپنی فیگر اور فٹنس کو سب سے زیادہ اہمیت دیتی ہیں،‘‘ بپاشا کے دوست نے کہا۔
اس نامعلوم دوست نے یہ اضافہ بھی کیا کہ بپاشا کی فٹنس ڈی وی ڈیز کی پسندیدگی دیکھتے ہوئے فیشن اور لائف اسٹائل کی ایک مشہور ویب سائٹ نے ان سے رابطہ کیا ہے کہ وہ اس کےلئے فٹنس بلاگز لکھیں جن میں وہ پڑھنے والوں کو اپنی صحت اور فٹنس کے راز بتائیں۔
سوشل میڈیا پر بھی بپاشا باسو بہت مقبول ہیں کیونکہ وہ اکثر اپنے ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے اپنی فٹنس کی تصاویر، ورزشوں اور ڈائٹ پلان وغیرہ کے بارے میں معلومات اپنے چاہنے والوں سے شیئر کرتی رہتی ہیں۔ بلاگنگ کی دنیا میں آمد بھیاسی سلسلے کی کڑی تصور کی جارہی ہے۔
انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر بپاشا باسو کے فالوورز بھی ایک مدت سے یہی فرمائش کرتے آرہے ہیں اور یوں لگتا ہے جیسے اب ان کییہ خواہش جلد ہی پوری ہوجائے گی۔
اب تک بپاشا کی جانب سے اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔