برمنگھم (ایس ایم عرفان طاہر سے) جنت الفردوس چیرٹی کے زیر اہتمام ایک بین التفریح ازدواجی زندگی سے متعلقہ خو بصورت تقریب کا انعقاد مقامی ہال میں کیا گیا جس میں شادی کے خواہش مند حضرات کے لیے قبل ازوقت ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت اور اپنی پسند نا پسند کا کھلا اظہا ر کرنے کا سنہری موقع فراہم کیا گیا۔
اس نوعیت کا پروگرام مسلم کمیونٹی میں پہلی دفعہ انجام پذیر ہوا ہے۔ جس میں مختلف شادی کے خواہش مند لڑکے اور لڑکیوں نے بھرپور حصہ لیا جن میں طلا ق یافتہ سنگل اور مختلف نوعیت کے رشتے موجود تھے ایک خوشگوار اور پرسکون ماحول میں جنت الفردوس ہیلپ دی لٹل اینجلز کی انتظامیہ کے زیر سائیہ زندگی کے ایک اہم سفر کے آغاز اور اپنے من پسند شریک حیات کی تلاش کے لیے ایک بھرپور ماحول فراہم کیا گیا جس کو مقامی کمیونٹی نے زبردست سراہا۔
اس موقع پر جنت الفردوس ہیلپ دی لٹل اینجلز برطانیہ کی چیف ایگزیکٹر مسز شمیم محمود کا کہنا تھا کہ بچوں اور بچیوں کو ایک صاف سھترا ماحول اس لیے بھی مہیا کیا گیا ہے تاکہ وہ با ہر مختلف منفی سرگرمیوں کا شکار ہو نے کی بجا ئے ایک مثبت اور پرسکون زندگی کا آغاز اپنے بڑوں کے زیر نگرانی کرسکیں اور نئی زندگی کے آغاز سے قبل انکی خواہشات کو بھی مد نظر رکھتے ہو ئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
اس موقع پر شرکت کرنے والے شادی کے خواہش مند حضرات کو ایک پر تکلف ظہرانہ بھی تنظیم کی طرف سے پیش کیا گیا اور آئندہ بھی ایسے مثبت اقدامات کو آگے لیکر چلنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔