counter easy hit

بسم اللہ ویلفیئر سوسائٹی بچیکی کے زیر اہتمام 20جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد ہو ئی

Bismillah Welfare Society

Bismillah Welfare Society

ننکانہ صاحب(محمد قمر عباس )بسم اللہ ویلفیئر سوسائٹی بچیکی کے زیر اہتمام 20جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد ہو ئی جس میں معروف روحانی شخصیت پیر سید کبیر علی شاہ ،مسلم لیگ ن کے ایم پی اے رانا جمیل حسن المعروف گڈ خان ،ڈی سی او ننکانہ ڈاکٹر عثمان علی خان ،سابق اراکین صوبائی اسمبلی رائے اسلم خان کھرل ،آغا علی حیدر ،پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء بریگیڈیئر(ر ) پیر اعجاز احمد شاہ ،سابق صدر ڈسٹرکٹ بار یسوسی ایشن ننکانہ چوہدری انور زاہد ایڈ ووکیٹ سمیت ،سیاسی و سماجی رہنماؤں ،علمائے کرام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔تقریب میں شرکت کے لئے ضلع بھر سے باراتیں بسم اللہ رائس ملز میں پہنچتی رہیں ،اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شرکت کے لئے آنے والے دولہا ،دولہن اور باراتیوں کو شاندار استقبال کے بعد پنڈال لے جایا گیا جہاں انہیں باوقار طریقے سے کھانا بھی کھلایا گیا ۔سوسائٹی کی طرف سے ہر دولہن کو ایک لاکھ روپے مالیت کا جہیز دیا گیا جس میں ضروریات زندگی کی تمام اشیاء شامل تھیں اجتماعی شادیوں کی تقریب کے دوران رشتہ ازدواج میں بندھنے کے بعد زندگی کا نیا سفر شروع کرنے والے جوڑے بہت خوش اور اپنے بہتر مستقبل کے لئے پر امید تھے ۔ اجتماعی شادیوں کے سرپرست حاجی غفور احمد اورچوہدری ذوالفقار علی نے بتایا کہ بہت سارے غریب اور نادار گھروں سے بچیاں شادی سے صرف اس لیے محروم رہ جاتی ہیں کہ ان کے والدین شادی کے اخراجات او ر جہیز کا بوجھ برداشت نہیں کر پاتے۔پہلے وہ عمرہ پر لوگوں کو بجھواتے تھے لیکن اب انہوں نے پہلی دفعہ 20جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا ہے ،جس میں ہر سال اضافہ کیا جائے گا۔کافی گھرانوں نے درخواستیں دی تھیں اوربلا تفریق ذات و علاقہ قرعہ اندازی کے ذریعہ جوڑوں کو منتخب کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دوسرے دولت مند افراد کو بھی اس نیک کام کی تقلید کرنی چاہیے تاکہ معاشرے میں انسانی ہمدردی کا جذبہ اجاگر ہو سکے،تقریب میں شرکت کے لیے آئے مہمانوں حاجی ضیاء دبئی500,000/-روپے ۔حاجی گل محمد کوئٹہ1,00,000/-روپے چوہدری خالد گجرکامونکی1,00,000/-روپے چوہدری اسلم ننکانہ صاحب نے 50,000/-روپے ،آئندہ پروگرام کے لیے سوسائیٹی فنڈ میں نقد عطیات جمع کروائے۔ تقریب کے آخر میں پیر سید کبیر علی شاہ نے نئے جوڑوں کی خوشگوار زندگی ،پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور امن و امان کے لئے خصوصی دعا کروائی ۔