counter easy hit

بلوچستان میں درگاہ شاہ نورانی پر دھماکہ،30 افراد جاں بحق ، 100 سے زائد زخمی

blast at dargah shah noorani, Hub , Baluchistan during dhamal

blast at dargah shah noorani, Hub , Baluchistan during dhamal

حب (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان کے ضلع لسبیلا میں درگاہ  شاہ نورانی پر زور دار دھماکے کے نتیجے میں30 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد  زخمی ہوگئے ہیں۔ گدی نشین خلیفہ غلام حسین نے وائر لیس کے ذریعے رابطہ کرکے ریسکیو اداروں کو مطلع کیا اور بتایا کہ دھماکہ بہت بڑا ہے جس میں متعدد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حب کے قریب موجود درگاہ شاہ نورانی کے دربار پر مغرب کے وقت  دھمال جاری تھی اور کثیر تعداد میں زائرین آئے ہوئے تھے کہ اسی دوران زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق اور متعدد شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہیں اور زخمیوں کو سول ہسپتال حب منتقل کیا جا رہا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دربار پر مغرب کے وقت دھمال کے دوران دھماکہ ہوا ہے جس میں بڑی تعداد میں لوگوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے کیونکہ مزار کے احاطے میں لاشیں ہی لاشیں بکھری پڑی ہیں۔

درگاہ شاہ نورانی کے گدی نشین خلیفہ غلام حسین کا کہنا ہے کہ مزار پر دھمال کے دوران ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 30 سے زائد افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ موبائل فون سروس نہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو اہلکاروں کو وائر لیس کے ذریعے اطلاع کی گئی جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں تاخیر ہوئی اور کئی قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں۔

دوسری جانب یہ دربار کراچی شہر سے 200 کلومیٹر دور  بلوچستان کے پہاڑی علاقے میں واقع ہے جہاں قریب قریب کوئی ہسپتال موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے زخمیوں کو کراچی لایا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایدھی فاؤنڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی ایمبولنسوں کا بڑا قافلہ لے کر کراچی سے روانہ ہوچکے ہیں۔ ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ مغرب کے وقت دھمال کے دوران ہوا ہے اور عام طور پر اس وقت 500 کے قریب لوگ موجود ہوتے ہیں۔ دھماکے سے متعدد لوگ جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

علاوہ ازیں وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ رات کے وقت  اندھیرا ہونے کے باعث ہیلی کاپٹر استعمال نہیں ہوسکتا لیکن پرائیویٹ اور سرکاری گاڑیوں میں زخمیوں کو خضدار، لسبیلہ اور کراچی کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جائے گا۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website