کراچی: ڈیفنس میں خالی پلاٹ میں کھڑی کار میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل تباہ ہوگئی تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں خالی پلاٹ میں کھڑی کار میں دھماکا ہوا جس کے بعد کار میں آگ لگ گئی اور گاڑی مکمل تباہ ہوگئی، دھماکے سے قریبی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جب کہ واقعے کے بعد علاقہ پولیس اور فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئے اور آگ کو بجھا دیا تاہم واقعے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب علاقہ مکین کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی آئیں جب کہ دو موٹرسائیکلوں پر سوار افراد کو جاتے ہوئے دیکھا گیا، پولیس کے مطابق جس گاڑی کو دھماکے کے لیے استعمال کیا گیا وہ گزشتہ روز شام 6 بجے جمشید کوارٹرز کے علاقے سے چھینی گئی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا دیسی ساختہ ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جس کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا تھا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق دھماکا دیسی ساختہ وی بی آئی ای ڈی سے کیا گیا، مواد کو سلنڈر میں بھری گیس سے جوڑاگیا تھا، 6 میٹر لمبی ڈیٹونیٹنگ کورڈ استعمال کی گئی جب کہ خوش قسمتی سے پورا بم نہیں پھٹ سکا تاہم واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔