counter easy hit

بلاکنگ سسٹم یکم دسمبر سے فعال کرنے کا اعلان

کراچی: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فونز کی شناخت اور بلاکنگ کا سسٹم یکم دسمبر سے فعال کر نے کا اعلان کر دیا۔

ملک میں جعلی موبائل فونز کا استعمال روکنے، فون چوری کی روک تھام اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کا نظام یکم دسمبر 2018 سے باقاعدہ فعال ہوجائے گا۔اس سلسلے میں پی ٹی اے نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کی جانب سے منظور شدہ ٹیلی کام پالیسی 2015 کے سیکشن 9.6کے پیش نظر موبائل فونز کی شناخت اور بلاک کرنے کے نظام ڈیوائس آئی ڈینٹیٹی فکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم کے حوالے سے اقدامات کئے ہیں۔اس سسٹم سے پاکستان کے تمام موبائل فون صارفین کو بلا تعطل خدمات فراہم کی جاسکیں گی۔یکم دسمبر تک ملک میں تما م موبائل ڈیوائسز بشمول نان کمپلائنٹ ڈیوائسز تمام موبائل نیٹ ورکس پر فعال رہیں گی، تمام صارفین کی سہو لت کیلئے ان کے آئی ایم ای آئی کو ان کے موبائل فون نمبر کیساتھ منسلک کر دیا جائے گا اور وہ کسی تعطل کے بغیر فعال رہیں گے۔تاہم نئے نظا م کے بعد تمام ایسی نئی موبائل ڈیوائسز جن کے آئی ایم ای آئی بین الاقوامی معیار کے مطابق نہیں، انہیں نان کمپلائنٹ ڈیوائس سمجھا جائیگا اور انہیں پاکستانی حدود میں کہیں بھی رابطے اور خدمات کی سہولت دستیاب نہیں ہوسکے گی۔واضح رہے پاکستان بھر میں موبائل فون استعمال کر نیو الے صارفین کی تعداد 15کروڑ 75لاکھ سے زائد ہوگئی ہے، یہ صارفین 4کمپنیوں کی موبائل سروسز استعمال کر رہے ہیں۔