ملزم کو جیل سے عدالت پیش نہ کئے جانے کی بنا پر عدالت نے کیس کا فیصلہ چوتھی بار موخر کر دیا
اسلام آباد (یس اُردو ) اسلام آباد کے مصروف علاقے بلیو ایریا میں فائرنگ کرنے والے ملزم سکندر حیات کی قسمت کا فیصلہ آج بھی نہ ہو سکا ۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے ملزم کی عدم پیشی کی بناء پر فیصلہ چوتھی بار موخر کر دیا ۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج سید کوثرعباس زیدی نے بلیو ایریا فائرنگ کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سنانا تھا ۔ ملزم سکندر جیل میں جبکہ اس کی اہلیہ کنول سکندر ضمانت پر ہے ۔ ملزم سکندر کو جیل سے عدالت پیش نہ کیے جانے کی بناء پر عدالت نے فیصلہ چوتھی مرتبہ موخر کر دیا ۔ استغاثہ کے گواہوں کے بیانات مکمل ہونے اور جرح مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کررکھا ہے ۔ ملزم سکندر نے سولہ اگست دو ہزار تیرہ کو وفاقی دارالحکومت کے اہم صنعتی علاقے بلیو ایریا کو یرغمال بنائے رکھا تھا اور بندوق کی طاقت پر قانون کے رکھوالوں کو پورے سات گھنٹوں تک تگنی کا ناچ نچایا تھا ۔ ملزم سکندر پر آٹھ جنوری دو ہزار چودہ کو فرد جرم عائد کردی گئی ہے