کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے پیمرا کی جانب سے بول ٹی وی کی لائسنس معطلی کا حکم آئندہ سماعت تک کے لئے معطل کر دیا ہے۔ یس نیوز کے نمائندہ کراچی کے مطابق بدھ کے روز سندھ ہائی کورٹ میں بول ٹی وی کے لائسنس کے حکم کی معطلی کیس کی سماعت ہوئی جس کی سماعت جسٹس ذوالفقار احمد پر مشتمل سنگل بنچ نے کی۔
بول ٹی وی کے وکیل نے عدالت کے سامنے موقف اختیار کیا کہ پیمرا کا شکایتی کونسل کی سفارشات کی بنیاد پر لائسنس معطلی کا حکم خلاف قانون تھا۔
جس پر جسٹس ذوالفقار احمد پر مشتمل سنگل بینچ نے حکم دیا کہ بول ٹی وی کو فوری طور پر کام کرنے کی اجازت دی جاۓ۔
وکیل بول ٹی وی نے عدالت کو بتایا کہ شکایتی کونسل ( سی او سی ) نے پی بی ای اے کی شکایت پر بول ٹی وی کا لائسنس معطل کرنے کی سفارش کی تھی۔
بول ٹی وی کی جانب سے عدالت میں لائسنس معطلی کے خلاف دائر کردہ درخواست میں کہا گیا تھا کہ کونسل نے سولہ ستمبر 2015 کو بول ٹی وی کو صفائی کا موقع بھی نہیں دیا۔
سندھ ہائی کورٹ نے 6 اکتوبر کو پیمرا سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے فی الحال ٹی وی چینل کا لائسنس بحال کر دیا ہے۔