بولان (جیوڈیسک) بولان کے علاقے آب گم میں جعفر ایکسپریس کا انجن اور متعدد بوگیاں پٹری سے اتر گئیں ، ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ سمیت 13 افراد جاں بحق ، سو سے زائد زخمی ، پچاس سے زائد زخمیوں کو مچھ کے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
نو مسافر بوگیوں پر مشتمل جعفر ایکسپریس اپنی منزل راولپنڈی کے لئے آج صبح نو بجے کوئٹہ سے روانہ ہوئی تھی،ٹرین کولپور اور مچھ سے ہوتی ہوئی جیسے ہی آب گم کے پہاڑی علاقے میں پہنچی وہاں انجن کے اچانک بریک فیل ہونے کے بعد ٹرین اوورشوٹ ہوگئی جس کے بعد ڈرائیور اسےریلوے ٹریک سے کیچ سلپ سائڈنگ پر لےگیا۔
تاہم رفتار زیادہ ہونے کےباعث ٹرین کا انجن اور بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جس کے باعث انجن ڈرائیور، اس کا اسسٹنٹ اور انجن میں موجود ریلوے پولیس کےدو اہلکار جاں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔حادثے میںنوسافر بھی جاں بحق اور سو سے زائد دیگر مسافر زخمی ہوگئے۔
حادثے کے بعد ریلوے کی ریسکیو ٹیموں اور ایمبولینسوں کےعلاوہ لیویز اور ایف سی اہلکار حادثہ کی جگہ پہنچ گئے،اور ریسکیو کا کام شروع کردیاگیا جبکہ زخمیوں کو مچھ اور کوئٹہ منتقل کردیاگیا جہاں بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
دوسری جانب تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکےاضافی ڈاکٹروں اور طبی عملے کو طلب کر لیا گیا ،اس اثناء میں سبی سے ریلیف ٹرین بھی حادثے کی جگہ روانہ کردی گئی جبکہ ریسکیو کاروائیوں میں حصہ لینے کے لئے پاک فوج کی جانب سے دو ایم آئی 17ہیلی کاپٹرز اور ایف سی کی جانب سے کوئیک ایکشن کی ٹیمیں حادثے کی جگہ پہنچ گئیں۔