بولی وڈ بے بو کرینہ کپور ان دنوں یوں تو اپنی آنے والی فلم ’انگریزی میڈیم‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور وہ اس سلسلے میں لندن میں موجود ہیں۔
’انگریزی میڈیم‘ میں وہ پہلی بار اداکار عرفان خان کے ساتھ کام کرتی دکھائی دیں گی۔
یہ فلم 2017 میں ریلیز ہونے والی عرفان خان اور پاکستانی اداکارہ صبا قمر کی فلم ’ہندی میڈیم‘ کا ریمیک ہے۔
’انگریزی میڈیم‘ کی شوٹنگ کے بعد کرینہ کپور کچھ ٹی وی پروگرامات کی شوٹنگ میں مصروف دکھائیں دیں گی اور وہ جلد ایک ڈانس ریئلٹی شو میں بھی نظر آئیں گی۔
بولی وڈ بے بو جلد ہی زی ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈانس ریئلٹی شو ’ڈانس انڈیا ڈانس 7‘ میں جلوے دکھاتی نظر آئیں گی۔
’ڈانس انڈیا ڈانس‘ میں کرینہ کپور کے رقص کے جاری کیے گئے ٹیزر نے آتے ہی دھوم مچادی اور لوگ کرینہ کپور کی فٹنیس اور ڈانس دیکھ کر دنگ رہ گئے۔
لیکن اب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ جلد ہی کرینہ کپور ایک بار پھر بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے ساتھ کام کرتی دکھائی دیں گی۔
جی ہاں، مڈ ڈے کے مطابق اطلاعات ہیں کہ کرینہ کپور اور عامر خان 1994 میں ریلیز ہونے والی ہولی وڈ فلم ’فوریسٹ گمپ‘ کے آفیشل ہندی ریمیک میں کام کرتے دکھائی دیں گے۔
رپورٹ میں فلم کے قریبی ذرائع سے دعویٰ کیا گیا کہ ہولی وڈ فلم کے آفیشل ہندی ریمیک کا نام ’لال سنگھ چڈھا‘ رکھا جائے گا، جس میں عامر خان مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔
رپورٹ کے مطابق بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان چاہتے ہیں کہ فلم میں ان کے ساتھ کرینہ کپور رومانس کرتی دکھائی دیں، اس لیے فلم کی ٹیم اداکارہ کو کاسٹ کرنے کا ارادہ کر چکی ہے۔
فلم کی ٹیم کے قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ کرینہ کپور اور عامر خان کی جوڑی اسکرین پر اچھی لگتی ہے اور انہیں توقع ہے کہ ’لال سنگھ چڈھا‘ میں بھی دونوں کی جوڑی کو سراہا جائے گا۔
فلم کی ہدایات اڈویت چندن دیں گے اور اس کی شوٹنگ کا آغاز رواں برس اکتوبر سے کیے جانے کا امکان ہے۔
اگرچہ فلم کی ٹیم نے ’لال سنگھ چڈھا‘ کی کاسٹ کے حوالے سے تاحال کوئی تصدیقی اعلان نہیں کیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں اس حوالے سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کرینہ کپور اکتوبر کے بعد کرن جوہر کی آنے والی میگا کاسٹ فلم ’تخت‘ کی شوٹنگ بھی شروع کریں گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی عامر خان اور کرینہ کپور ’تھری ایڈیئٹس‘ اور ’تلاش‘ میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔
https://www.instagram.com/p/Byp1KaelWll/?utm_source=ig_embed