90 فلموں میں اداکاری کی ، المیہ ایکٹنگ کی وجہ سے انہیں ٹریجڈی کوئین کے لقب سے جانا جاتا تھا ، کمال امروہی سے خفیہ شادی کی جو کامیاب نہ ہوسکی
لاہور: بالی ووڈ کی ورسٹائل ہیروئن مینا کماری کو مداحوں سے جدا ہوئے 45 سال ہوگئے ، فن اور حسن میں یکتا مینا آج بھی چاہنے والوں کے دل پر راج کرتی ہیں ۔ ماہ جبین بانو کو بالی وڈ نے مینا کماری کا نام دیا ۔
گلوکارہ اور شاعرہ مینا کماری کو شہرت اداکاری سے ملی ۔ مینا جب ڈائیلاگ ادا کرتی تو مداحوں کے دل میں اتر جاتی ۔ صاحب بی بی اور غلام ، پاکیزہ ، دل اپنا پریت پرائی مینا کماری کی شہرہ آفاق فلمیں ہیں ۔ برصغیر کی عظیم اداکارہ کہلائی جانے والی مینا نے 90 فلموں میں اداکاری کی ۔ مینا کی بھرپور اداکاری کی وجہ سے انہیں ٹریجڈی کوئین کا خطاب ملا ۔
مینا کماری نے کمال امروہی سے خفیہ شادی کی جو نبھ نہ پائی ، زندگی نے بھی مینا سے وفا نہ کی ، صرف 39 سال کی عمر میں وہ دنیا چھوڑ گئی ۔ ,اداکارہ مینا کماری کی فلم پاکیزہ کو بالی ووڈ کی کلاسک فلموں میں شمار کیا جاتا ہے ۔
اسی فلم کی عکس بندی کے دوران راج کمار مینا کماری کے عشق میں مبتلا ہوئے لیکن دونوں کی شادی نہ ہوسکی ۔ راج کمار مینا کماری سے شادی کیلئے اپنا مذہب بھی تبدیل کرنے کو تیار تھے لیکن مینا کماری نے ان سے شادی سے انکار کر دیا ۔ کمال امروہی سے شادی ناکام ہونے کے بعد مینا کماری نے غم دور کرنے کیلئے شراب کا سہارا لیا لیکن اس سے ان کی صحت پر بہت برے اثرات مرتب ہوئے ۔مینا کماری کو فلموں میں گیتوں کی عکسبندی کے حوالے سے کمال حاصل تھا ، فلم پاکیزہ کے علاوہ ان کے کئی گیت زبان زد عام ہوئے جس میں عجیب داستاں ہے یہ کہاں شروع کہاں ختم ، نہ جائو سیاں چھڑا کے بیاں قسم تمہاری میں رو پڑوں گی ، جیسے گیت بالی ووڈ میں ان کی پہچان بنے۔