بھارتی فلموں میں ایسے بہت سے کم سن اداکار ہیں جنہوں نے اپنی معصوم اداکاری سے سب کو اپنا گرویدہ کر لیا تھا تاہم کیا آپ جانتے ہیں کہ ماضی کے یہ چائلڈ ایکٹرز اب کس شعبے سے وابستہ ہیں۔
ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے نام سے مشہور ہے جس نے ہندوستان کی آزادی کے بعد سے بہت ترقی کی ہے۔ بالی ووڈ نے جہاں بہت سے اداکاروں کو سپر سٹارز بنایا تو وہیں ایسے ایکٹرز بھی پیدا کیے جنہوں نے اپنی جاندار اداکاری سے اپنے کرداروں کو لافانی کر دیا۔ ان اداکاروں میں چائلڈ ایکٹرز بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیں، جنہوں نے مشہور فلموں میں اپنی اداکاری سے سب کو اپنا گرویدہ بنا لیا تھا۔ ان میں سے چند کے بارے میں ہم آپ کو بتاتے ہیں۔
اتھیت نائیک
اس چائلڈ ایکٹر نے شاہ رخ خان اور پریتی زنٹا کے ہمراہ کل ہو نہ ہو، اور ہریتھک روشن کے ساتھ فلم مجھ سے دوستی کرو گی میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ اتھیت نائیک نے کل ہو نہ ہو میں پریتی زنٹا کے چھوٹے بھائی کا کردار بہت بخوبی نبھایا تھا جسے بہت پسند کیا گیا۔ اب ماضی کے یہ چھوٹے میاں اب بڑے ہو چکے ہیں اور کینز فلم فیسٹیول میں اپنی ایک مختصر فلم بھی پیش کر چکے ہیں۔ اتھیت نائیک کا کہنا ہے کہ ان کا دوبارہ سے ایکٹنگ شروع کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے کیونکہ وہ کیمرے کے پیچھے خود کو بہتر محسوس کرتے ہیں۔ 18 سالہ اتھیت نائیک نے ایچ بی او کی پائلٹ سیریز میں مشہور ہدایتکار ونس ٹوٹو کے اسسٹنٹ کے طور پر بھی کام کیا ہے۔
ثناء سعید
بالی ووڈ کی مشہور فلم کچھ کچھ ہوتا ہے میں شاہ رخ خان کی بیٹی کا کردار ادا کرنے والی بچی ثناء سعید اب ایک خوبرو نوجوان خاتون بن چکی ہے۔ ثناء سعید نے بالی ووڈ کے معروف پرڈیوسر کرن جوہر کی فلم سٹوڈنٹ آف دی ایئر میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ ثناء سعید ان دنوں بھارتی ٹیلی وژن کے پروگرام نچ بلیے میں اپنے دوست دیپشن پاٹیل کے ساتھ شرکت کر رہی ہیں۔
مالویکا راج
ماضی کی اس ننھی اداکارہ نے بھی اپنی اجندار اداکاری سے فلمی شائقین کو اپنا گرویدہ کر لیا تھا۔ مالویکا راج نامی اس چائلڈ ایکٹر نے مشہور فلم کبھی خوشی کبھی غم میں کرینہ کپور کے بچپن کا کردار ادا کیا تھا۔ اب یہ اداکارہ بڑی ہو چکی ہیں اور انہوں نے 2010ء میں مس انڈیا مقابلے میں بھی حصہ لیا تھا۔ مالویکا راج ان دنوں ماڈلنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں اور ان کا فی الحال بالی ووڈ میں دوبارہ قدم رکھنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
انجلینا ادنانی
انجلینا ادنانی نے مشہور فلم تارا رم پم میں سیف علی خان اور رانی مکھر جی کی بیٹی کا کردار بخوبی نبھایا تھا۔ تاہم اس کے بعد فلم یا ٹیلی وژن پر کبھی کام نہیں کیا اور نہ ہی فی الحال ان کا اس حوالے سے کوئی ارادہ ہے۔
جبران خان
اس چائلڈ ایکٹر نے بالی ووڈ کی مشہور فلم کبھی خوشی کبھی غم میں شاہ رخ خان اور کاجول کے بیٹے کا کردار ادا کیا تھا۔ جبران خان اب ایک خوبرو نوجوان بن چکے ہیں تاہم اپنی خوبصورتی کے باوجود انھیں بالی ووڈ میں واپسی کیلئے مشکلات سے گزرنا پڑ رہا ہے۔