پاکستان کی کامیاب فلم ’کیک‘ صرف اپنے ہی ملک میں پسند نہیں کی گئی، بلکہ بولی وڈ میں بھی کئی نامور شخصیات اس فلم کی تعریف کرنے سے پیچھے نہیں ہٹ رہیں، ان میں بولی وڈ ہدایت کار انوراگ کشیپ کا نام سرفہرست ہے۔
انوراگ کشیپ نے حال ہی میں آمنہ شیخ اور صنم سعید کی فلم ’کیک‘ دیکھی، جس کے بعد وہ اس فلم کے مداح بن گئے۔ انوراگ کشیپ نے اپنی ٹویٹ میں فلم کو سراہاتے ہوئے لکھا کہ ’عاصم عباسی کی فلم کیک ایک پاورفل فلم ہے، میں بہت خوش ہوں کہ میں ایک ایسے ملک اور شہر میں موجود ہوں جہاں یہ فلم سینما میں دکھائی جارہی ہے‘۔ انوراگ نے مزید لکھا کہ ’فلم کو دیکھنے تو اس لیے گیا تھا کیوں کہ آرتی بجاج نے اس کی ایڈیٹنگ کی، لیکن آمنہ شیخ، صنم سعید، عدنان ملک اور عاصم عباسی سب ہی نے شاندار کام کیا‘۔ یاد رہے کہ انوراگ کشیپ بولی وڈ کی کئی کامیاب فلمز کی ہدایات دے چکے ہیں، جن میں ’کیکس آف واسع پور‘ اور ’دیو ڈی‘ شامل ہیں۔
اس کے بعد عاصم عباسی نے بھی اپنی ٹویٹ میں انوراگ کشیپ کا شکریہ ادا کیا۔ خیال رہے کہ فلم ’کیک‘ کی کہانی ایک خاندان کے گرد گھومتی ہے، جو کئی چھوٹے چھوٹے تنازعات میں گھرا نظر آتا ہے، تاہم فلم میں شامل جذباتی، کامیڈی اور رومانوی مناظر کی وجہ سے اس فلم کو دیگر فلموں سے منفرد قرار دیا گیا۔