آپ نے اکثر بالی ووڈ سٹارز کے سر پر چھاتہ رکھے اور ان کی چیزوں کو سنبھالے ایک شخص کو دیکھا ہوگا۔ پرسنل اسسٹنٹ کہلانے والے اس شخص کے بغیر ان ستاروں کی زندگی کا گزر ناممکن ہے کیونکہ وہ اس کے بغیر کچھ نہیں کر سکتے۔
ممبئی: (یس اردو) آؤٹ ڈور شوٹنگ ہو یا کسی تقریب میں شرکت، یہ ذاتی معاون یا سپاٹ بوائے ہی ان سپر سٹارز کی زندگی کو ان کے مطابق آسان بناتا ہے۔ اگرچہ ان فلمی ستاروں کے یہ ذاتی معاونین پردہ سکرین پر ان کے ساتھ نظر نہیں آتے لیکن پروڈیوسرز کے ساتھ اپائٹمنٹ ہو، کسی نئی فلم کی تاریخ دینا ہو یا مداحوں کو ان کے چہیتے اداکار سے دور رکھنا، یہ تمام ذمہ داریاں یہی سرانجام دیتا ہے۔ آپ جاننا چاہتے ہونگے کہ اتنی مشکل نوکری کی یہ پرسنل اسسٹنٹ کتنی تنخواہ لیتے ہیں؟ تو اس کے بارے میں ہم آپ کو بتاتے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کسی بھی فلمی ستارے کے پرسنل اسسٹنٹ کو روزانہ تقریبا پانچ ہزار روپے تک ادا کئے جاتے ہیں۔ اس رقم کو اگر سال سے ضرب دی جائے تو یہ 18 لاکھ روپے بنتی ہے۔ بھارت جیسے غریب ملک جہاں غربت کے ڈیرے ہیں، اتنی تنخواہ بہت زیادہ ہے۔ سائے کی طرح اپنے مالکوں کے ساتھ پھرتے فلمی ستاروں کے یہ خصوصی معاونین اچھی اور آسودہ زندگی بسر کرتے ہیں۔