لاہور : بالی ووڈ کے مشہور پلے بیک سنگر محمد رفیع کی آج 35 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ سروں کے بادشاہ محمد رفیع بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے مشہور گلوکاروں میں ایک ہیں۔ انہوں نے انگلش، فارسی، ڈچ سمیت مختلف زبانوں میں گیت گائے۔
پچاس سے ستر کی دہائی میں محمد رفیع کی آواز کسی بھی فلم کی کامیابی کی ضمانت سمجھی جاتی تھی۔ اداکار سنجیدہ ہو یا مزاحیہ ، رفیع کی آواز ہر کسی کے لیے پرفیکٹ تھی ۔ چھتیس ہزار گیتوں کو اپنی آواز سے سجانے والے محمد رفیع کے کروڑوں مداح ہیں۔
محمد رفیع کی شاندار گائیکی پر انہیں بھارتی حکومت کی جانب سے پدماشری ایوارڈ بھی ملا ۔ چھ فلم فئیر ایوارڈز ، ایک نیشنل ایوارڈ بھی محمد رفیع کے حصے میں آئے۔ تین دہائیاں گزرنے کے باوجود محمد رفیع کی مدھر آواز کا سحر آج بھی بر قرار ہے۔