ممبئی (یس ڈیسک) بالی ووڈ فلمساز و ہدایتکار اور اداکار فرحان اختر اور فرح خان آج اپنی سالگرہ منارہے ہیں۔ 9جنوری کا دن یقیناًبالی وڈ کے لیے ایک معنی خیز اور اہم دن ہوگا جب فلم نگری کے دو کامیاب ترین افراد فرح خان اور فرحان اخترایک ہی دن اپنی سالگرہ پر ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے نظر آئینگے۔
فلمساز و ہدایتکار،گلوکار اور اداکار فرحان اخترکل اپنی 41 ویں جبکہ کوریو گرافر، فلمساز و ہدایتکار اور اداکارہ فرح خان اپنی 50ویں سالگرہ منائینگی۔ 9جنوری1974ء کو بھارتی ریاست مہارشٹرا کے شہر ممبئی میں پیدا ہونے والے فرحان اختر نے 1991ء میں 17برس کی عمر میں معروف سینما ٹو گرافر ہدایت کار من موہن سنگھ کی فلم’’لمحے‘‘ میں انکی شاگردی کی۔
1997ء میں فلم ’’ہمالیے پترا‘‘ میں ہدایتکار پنکج پرشہار کی معاون کی حیثیت سے کام کرنے والے فرحان اختر نے بطور ہدایتکار اپنے کیرئیر کاآغاز فلم دل چاہتا ہے اور لکشیاسے کیا اور دونوں ہی باکس آفس پر ہٹ ہوئیں۔ فلم راک آن، لک بائی چانس، کارتھک کالنگ کارتھک، زندگی نہ ملیگی دوبارہ ،بھاگ ملکھا بھاگ اور شادی کے سائیڈ افیکٹس میں اداکارانہ صلاحیتوں کے اظہار پر مداحوں نے انہیں بیحد سراہا۔
دوسری جانب 9 جنوری 1965 کو پیدا ہونے والی فرح خان بطور کریو گرافر اور ہدایت کار فلم میں ہوں نا، اوم شانتی اورتیس مارخان سے اپنے مداحوں کو تفریح فراہم کرتی نظر آئیں۔ اپنے طویل ترین کیرئیر میں وہ 80 سے زائد فلموں کے 100سے زائد گانوں میں کوریو گرافر کی حیثیت سے کام کرچکی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے دونوں نہ صرف ایک ہی دن سالگرہ مناتے ہوئے ایک دوسرے کو مبارکباد دینگے بلکہ دونوں آپس میں کزن بھی ہیں۔