ممبئی : بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ بالی ووڈ میں اب بھی مردوں کا غلبہ ہے۔ میری کوشش ہے کہ یہاں مرد اور خواتین اداکاروں کو ایک جیسا معاوضہ ملے جب کہ ’’کوئین‘‘ کی کامیابی نے مجھے اس قابل کردیاہے کہ فلم میں اپنا کردار خود منتخب کرسکوں۔
یہ بات انھوں نے اپنی آنیوالی فلم ’’تنوویڈز منوریٹرنز ‘‘ کی تشہیری تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔کنگنا رناوت کا کہناتھا کہ بالی ووڈ میں خواتین کے گرد گھومتی فلمیں بنائی جارہی ہیں مگر اس کے باوجود یہاں پر ابھی تک صرف مردوں کا ہی قبضہ ہے اور انھیں ہیروئنوں سے زیادہ معاوضہ دیاجاتا ہے اور میری کوشش ہے کہ مرد اور خواتین اداکاروں کو ایک جیسا معاوضہ ملے اور اسی سلسلہ میں کچھ اور لوگ بھی میرے ساتھ ہیں۔
امید ہے کہ یہاں جلد ہی سب برابر ہوجائیں گے ۔کنگنا جو 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’کوئین‘‘ میں بہترین اداکارہ کا نیشنل فلم ایوارڈ حاصل کرچکی ہیں نے اپنے کیرئیر کے متعلق سوال پر کہا کہ کوئین کی کامیابی سے قبل میرے پاس زیادہ فلمیں نہیں تھی مگر اب بہت کچھ بدل چکا ہے اور بہت سے فلموں کی پیشکشیں ہورہی ہے اور اس پوزیشن میں آچکی ہوں کہ اپنے لیے فلموں میں کردارکا خود انتخاب کرسکوں۔
اپنی آنے والی فلم ’’تنوویڈز منو ریٹرنز‘‘ جو 2011 کی ’’تنوویڈزمنو‘‘ کا سیکوئل ہے کے متعلق کہا کہ یہ ایک کامیڈی اور لوسٹوری فلم ہے جو ایک جوڑے کی محبت پر مبنی ہے جوشادی کے چار سال بعد طلاق کے دہانے پر پہنچ چکا ہے اس میں میرا کردار بہت ہی حساس ہے امید ہے مداحوں کو فلم پسند آئے گی۔