ممبئی: بھارتی سپریم کورٹ نے گزشتہ روز بیک وقت تین طلاق دینے کے عمل کوغیر قانونی قرار دیا ہے جس پر ہر جانب سے تبصرے اور تجزیے کئے جارہے ہیں ایسے میں بالی ووڈ کے وہ لوگ بھی اظہار خیال کررہے ہیں جن کا براہ راست اس معاملے سے کوئی تعلق ہی نہیں۔
بھارتی اسٹار رشی کپور ہر معاملے میں اپنی رائے دینا ضروری سمجھتے ہیں لہٰذا وہ اس معاملے پر رائے نہ دیں ایسا کیسے ہوسکتا ہے، رشی کپور نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں حکومت کے اس اقدام پر بےحد خوش ہوں، اب وقت آگیا ہے کہ ہم منفی چیزوں کے بجائے مثبت چیزوں پر بات کریں، انہوں نےخواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے طلاق کے پرانے نظام کا خاتمہ کردیا۔ بھارتی اداکارہ دیا مرزا نے اسے جمہوریت کی جیت قراردیتے ہوئے کہا یہ خواتین کے حقوق اور ہمارے ملک کیلئے ایک تاریخی دن ہے۔ اداکارانوپم کھیر بھی خاموش نہ رہ سکے انہوں نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ قرار دیا۔
اداکارہ شبانہ اعظمی نے تین طلاقوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان بہادر مسلم خواتین کی جیت ہے جو کافی برسوں سے اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہی تھیں۔ بھارتی ہدایت کار مدھر بھنڈارکر نے کہا کہ سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ مسلم خواتین کی طاقت کی ایک نئی شروعات ہے۔ اس کے علاوہ پاریش راول نے بھی سپریم کورٹ کے اس فیصلے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم خواتین اور ہمارے ملک کیلئے حکومت اور سپریم کورٹ کی جانب سے اٹھایا گیا یہ قدم بہت اچھا ہے۔ وہ تمام لوگ جواپنےعمل کیلئے مذہب کا سہارا لیتے ہیں انہیں پتہ ہونا چاہئے کہ یہ سب قرآن میں نہیں، بہر حال جو کچھ سپریم کورٹ نے کیا وہ قابل تعریف ہے کیونکہ کچھ نہ ہونے سے کچھ ہونا بہتر ہے۔