ممبئی: شراب نوشی کی لت انسان اور اس سے جڑے رشتوں کو تباہ کردیتی ہے، انسان نشے کی حالت میں بھول جاتا ہے کہ اس کے سامنے اس کا دشمن ہے یا اس کا سب سے بہترین دوست اور ایسی حرکت کر بیٹھتا ہے جس سے برسوں پرانی دوستی میں دراڑ پڑجاتی ہے۔
شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے بہت سے اداکار شراب اور سگریٹ نوشی کی لت میں مبتلا ہیں جن میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان، دبنگ اداکار سلمان خان اور کپل شرما وغیرہ شامل ہیں جواپنی شراب نوشی کی عادت کی وجہ سے کئی بار مشکلات کا شکار ہوچکے ہیں۔
:کپل شرمااور سنیل گروور
بالی ووڈ کے مزاحیہ اداکار کپل شرما اور سنیل گروور کی دوستی کےچرچے پوری انڈسٹری میں مشہور تھے دونوں نے ایک ساتھ کامیڈی نائٹ ود کپل میں کام کرکے اس شو کو بھارت کا نمبر ون شو بنادیا تھا لیکن رواں برس دونوں کی دوستی میں دراڑ آگئی، دراصل اپریل میں کپل شرما اور ان کی پوری ٹیم آسٹریلیا سے ممبئی واپس آرہی تھی جہاں کپل نے نشے کی حالت میں نہ صرف سنیل گروور سے لڑائی کی بلکہ ان پر ہاتھ بھی اٹھایا جس کے بعد سنیل گروور نے کپل کا شو اور دوستی دونوں چھوڑدی اس واقعے کے بعد کپل زوال پزیری کا شکار ہوگئے ، کپل سنیل سےاپنی حرکت کی کئی بار معافی بھی مانگ چکے ہیں لیکن سنیل انہیں معاف کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
:شاہ رخ خان اور شریش کندر
بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان اور کوریو گرافر فرح خان کی دوستی کی مثال پوری بالی ووڈ انڈسٹری میں دی جاتی ہے تاہم فرح خان کے شوہر شریش کندر اور شاہ رخ خان کے درمیان معاملات بالکل بھی ٹھیک نہیں ، کچھ عرصہ قبل سنجے دت کی جانب سے نائٹ کلب میں دی جانے والی پارٹی میں شریش کندر نے شراب کے نشے میں شاہ رخ خان سے بدتمیزی کی تھی جس پر شاہ رخ خان نے انہیں تھپڑ رسید کردیا تھا اس واقعے کے بعد دونوں کے درمیان دشمنی چلی آرہی ہے۔
:رونت رائے اور آدیتیہ پنچولی
نامور اداکار رونت رائے اور آدیتیہ پنچولی کبھی ایک دوسرے کے بہترین دوست تھے لیکن ایک موقع پر دونوں نے ممبئی کے ایک ہوٹل میں شراب کے نشے میں دھت ہوکر ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھا پائی کی تھی تاہم ہوٹل اسٹاف کی مداخلت پر اس وقت تو دونوں نے لڑائی ختم کردی لیکن ساتھ ہی دونوں کی دوستی کا بھی اختتام ہوگیا۔
:شاہ رخ خان اور سلمان خان
بالی ووڈکنگ شاہ رخ خان اورسلطان سلمان خان کی دوستی پھر دشمنی اور پھر دوستی بھارتی میڈیا کا سب سے ہاٹ ایشو ہے ، ابتدا میں شاہ رخ اور سلمان کے درمیان دوستی اتنی زیادہ تھی کہ دونوں کی دوستی کی مثال دی جاتی تھی تاہم 2008 میں کترینہ کیف کی سالگرہ کی تقریب کے موقع پر شاہ رخ خان نے نشے کی حالت میں سب کے سامنے سلمان خان کی سابق دوست ایشوریا رائے سے متعلق سوالات پوچھنے شروع کردئیے جس کی وجہ سے سلمان اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکے اور دونوں کے درمیان لڑائی ہوگئی ، یہ لڑائی برسوں جاری رہی لیکن اب دونوں نے اپنے اختلافات کو ختم کرلیا ہے اور بھر سے ایک دوسرے کے دوست بن گئے ہیں۔