کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے 3 ایف سی اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر فرنٹیئر کورپس کی گاڑی کو معمول کی گشت کے دوران دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی جزوی طور پر تباہ ہوگئی۔دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا جبکہ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔واقعے کے بعد علاقے میں ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی اور سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔دھماکے کی فوری ذمہ داری کسی گروہ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان کو دہشت گردی کی نئی لہر کا سامنا ہے۔گذشتہ ماہ کے دوران سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، فاٹا اور پنجاب میں ہونے والے مختلف دہشت گردوں میں 100 سے زائد افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
خیال رہے کہ افغان سرحد کے نزدیک دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے آپریشن اور حکومت کی جانب سے عسکریت پسندی سے نمٹنے کے لیے شروع کیے گئے اقدامات کے بعد ملک بھر میں دہشت گرد حملوں کی شرح میں واضح کمی آئی ہے تاہم اب بھی دہشت گرد سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔