موسیقی ہر دور میں ایک نئے رنگ کے ساتھ ابھر کر سامنے آ رہی ہے لیکن نئے کے آنے سے پرانے فنکاروں اور ان کے کام نئی نسل سے اوجھل ہوتے جا رہے ہیں۔ ایسے ہی نامور موسیقاروں کے فن کو زندہ رکھنے کے لیے ایک کتاب ترتیب دی گئی ہے جس کی رونمائی لاہور میںہوئی۔
لاہور کے الحمرا آرٹس کونسل میں نامور فنکاروں کے گائے گیت گونجتے رہے جہاں گلوکار ڈاکٹر امجد پرویز کی کتاب کی رونمائی تقریب منعقد ہوئی۔ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر الحمرا آرٹس کونسل،ڈاکٹر عطاء محمد خان کا کہنا ہے کہ کتاب میں پچیس ایسے موسیقاروں اور فنکاروں کے کام اور اندازِ موسیقی کو سامنے لایا گیا ہے، جو شاید نئی نسل کے نئے میوزک میں کہیں خاموشی سے پیچھے ہوتے جا رہے ہیں۔ سابق صدر ایل سی سی آئی،سہیل لاشاری کا کہنا ہے کہ کتاب کے مصنف ڈاکٹر امجد پرویز نے الفاظ کا سہارہ لینے کی بجائے سروں کا استعمال کیا۔ تقریب سے خطاب میں سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ریاست کا چلن بدلا تو فن اور فنکار کے حالات بھی بدلتے چلے گئے۔ تقریب کے شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ کتاب نئی نسل کو موسیقی اور موسیقاروں سے واقفیت پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔