بارڈر مینجمنٹ پالیسی کے تحت پاکستان میں افغان طلبہ کی معطل آمدورفت بحال کردی گئی۔ حکومت نے جذبہ خیر سگالی کے تحت افغان طلبہ کو پاکستان میں داخلے کے خصوصی کارڈ جاری کر دیے، جس سے طلباء کی پڑھائی بحال ہوگئی ہے۔
سال 2016 کی بارڈر مینجمنٹ پالیسی کے باعث افغانستان کے عام شہریوں کی طرح طلباء کی بھی بغیر سفری دستاویزات کے آمدورفت معطل ہوگئی تھی لیکن وفاقی حکومت نے جذبہ خیرسگالی کے تحت افغان طلباء کو خصوصی کارڈ کے اجرا کا فیصلہ کیا۔ خیبر ایجنسی کی طورخم سرحد پر نادرا اندراج کے مراحل سے گزرنے والے افغان طلباء صوبہ ننگرہارکے مختلف علاقوں سے طویل مسافت طے کرکے حصول علم کے لیے پاکستان آتے ہیں اورواپس چلے جاتے ہیں۔ افغان طلباء کو سفری دستاویزات کی بجائے اب نادرا کی طرف سے خصوصی کارڈ جاری کیا جاتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ کی طرح افغان طلباء کے روشن مستقبل کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں اور تعاون کا یہ سلسلہ جاری رکھنے کا عزم کیا ہواہے۔