پاکستان اور ایران نے سرحدی سکیورٹی پر مشترکہ کمیشن کے قیام کیلئے بات چیت جاری رکھنے اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اسلام آباد: (یس اُردو) وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامی ناصر جنجوعہ کے تین روزہ دورہ ایران کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ نے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی شامخانی، ایرانی وزیر داخلہ اور مسلح افواج کے سربراہ سے ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات، دہشتگردی کے خلاف جنگ اور خطے میں امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے اتفاق کیا کہ ایران پر عالمی پابندیاں ختم ہونے سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کی نئی راہیں کھلی ہیں۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ملک سکیورٹی معاملات خصوصاً سرحدی سیکورٹی کو خاص اہمیت دیتے ہیں اور اس کے لئے مشترکہ کمیشن سمیت مربوط میکنزم بنانے پر اصولی اتفاق کیا گیا ہے اور اس ضمن میں دونوں ملک مزید بات چیت جاری رکھیں گے۔اعلامیہ کے مطابق فریقین نے دونوں ملکوں کے سیاسی، اقتصادی اور عسکری دوروں کا خیر مقدم کیا اور امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ داعش سمیت مشترکہ خطرات سے مل کر نمٹنے کی ضرورت ہے کیونکہ ایسے عناصر نہ صرف مسلم ممالک کیلئے خطرہ ہیں بلکہ یہ اسلام کی بدنامی کا بھی باعث بن رہے ہیں۔