کانپور: چند روز قبل بھارتی شہر کانپور میں پنجاب نیشنل بینک کی ایک مقامی برانچ میں جنم لینے والے بچے کا نام اس کے والدین نے ’’خزانچی ناتھ‘‘ رکھ دیا ہے۔
یہ بچہ 2 دسمبر کے روز اس وقت پیدا ہوا جب کانپور میں شاہ پور نامی دیہات کی سرویشا دیوی نامی ایک حاملہ خاتون اپنی ساس کے ہمراہ جھنجھک میں واقع پنجاب نیشنل بینک کی شاخ سے رقم نکلوا کر سرکاری قرض کی قسط ادا کرنے کےلئے آئی۔ لیکن بینک میں شدید ہجوم ہونے کی وجہ سے بہت دیر ہوگئی اور اس خاتون کو اچانک ہی دردِ زہ (لیبر پین) شروع ہوگیا۔
برانچ کے عملے نے فوری طور پر ایمبولینس کےلئے فون کردیا لیکن ایمبولینس کے وہاں پہنچنے سے پہلے ہی اس خاتون کی تکلیف قابو سے باہر ہوگئی اور برانچ میں موجود عورتوں نے اس کے گرد دائرہ بناکر زچگی کروائی، جس سے سرویشا دیوی کے ہاں ایک بیٹے کی پیدائش ہوئی۔
بچے کے والدین نے خاصی سوچ بچار کے بعد اس کا نام ’’خزانچی ناتھ‘‘ رکھ دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ یہ نام انہیں ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا کہ اس بچے کی پیدائش کہاں اور کن حالات کے تحت ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ بھارت میں کرنسی کی تبدیلی کا اعلان ہونے کے بعد سے وہاں بینکوں میں لوگوں کا شدید ہجوم ہے جس کے باعث مسلسل انوکھے اور عجیب و غریب واقعات جنم لے رہے ہیں۔