بنگلہ دیش پریمئیر لیگ میں ہفتے کو دو میچز ہوئے۔ ڈھاکہ ڈائنامائٹز نے رنگپور رائیڈرز کو 78 رنز سے شکست دی۔ رنگپور رائیڈرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ڈھاکہ ڈائنامائٹز نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹ کے نقصان پر 20 اوورز میں 170 رنز اسکور کئے۔
رنگپور رائیڈرز کے شاہد آفریدی اور سوہاگ غازی دو، دو وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے، جبکہ عرفات سنی اور لیام ڈائوسن ایک ایک وکٹ لے سکے۔ رنگپور رائیڈرز کی اننگز کا آغاز ہی اچھا نہ ہوا اور صرف 12 رن بعد ہی سومایا سرکار ڈھاکہ ڈائنامائٹز کے ناصر حسین کی گیند کا شکار بنے۔ بعد میں رنگپور رائیڈرز سنبھل نہ سکے اور 19.2اوورز میں 92 رنز بنا کر پوری ٹیم آئوٹ ہو گئی۔
ڈھاکہ ڈائنامائٹز کے براوو اور شکیب الحسن دو، دو وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ پلئیر آف دی میچ ڈھاکہ ڈائنامائٹز کے مصدق حسین کو دیا گیا۔ علاوہ ازیں ٹائٹنز اور وائکنگز کے درمیان ہونے والے میچ میں ٹائٹنز نے وائکنگز کو 4 رنز سے شکست دی۔
ٹائٹنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے۔ جواب میں چٹاگانگ وائکنگز کی پوری ٹیم 123 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ٹائٹنز کے محمود اللہ کو پلئیر آف دی میچ سے نوازا گیا۔