برازیلیا: پالتو جانوروں کے شوقین افراد ان کی صحت اور حفاظت کے حوالے سے کافی حساس ہوتے ہیں اور ایسے میں اگر ان کی جان کو ذرا بھی خطرہ لاحق ہوجائے تو وہ فوراً گھبرا جاتے ہیں۔
برازیل کی خاتونِ اول مارسیلا تیمر بھی اپنے پالتو کتے سے اتنی بے مثال محبت رکھتی ہیں کہ اسے ڈوبتا دیکھ کر انہوں نے فوراً جھیل میں چھلانگ لگا دی اور اسے باہر نکال لیا۔
34 سالہ خاتون اول مارسیلا تیمر دارالحکومت برازیلیا میں اپنے صاحبزادے کے ہمراہ صدارتی محل کے احاطے میں چہل قدمی کر رہی تھیں کہ ان کے پالتو کتے ’پکولی‘ نے جھیل میں چھلانگ لگا دی۔
پکولی کو مشکل میں دیکھ کر مارسیلا گھبرا گئیں اور وہ بھی فوراً جھیل میں کود گئیں اور اپنے پالتو کتے کو نکال کر کنارے تک لے آئیں۔
واضح رہے کہ مارسیلا تیمر کے پاس 2 پالتو کتے ہیں جن میں سے ایک کا نام تھور اور دوسرے کا پکولی ہے اور وہ دونوں سے ہی بے مثال محبت کرتی ہیں۔