کراچی…..کراچی میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن جاری ہے۔ شہر کے 70 فیصد سے زائد علاقے اس وقت بجلی کی فراہمی سے محروم ہیں۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے جامشورو کے قریب 500 کے وہ ہائی ایکسٹینشن ٹرپ کر گئی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ صبح پونے 6 بجے جامشورو کے قریب500 کلو واٹ کی ہائی ایکسٹینشن ٹرپ کر گئی جس کے باعث کراچی کے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ 2 گھنٹے سے زائد وقت گزرجانے کے باوجود بجلی بحال نہیں کی جا سکی۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ متاثرہ ہائی ایکسٹینشن کی بحالی کا کام جاری ہے۔ جلد کراچی میں بجلی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔ اس وقت شہر کراچی کے جن علاقوں میں بجلی بند ہے۔ان میں ملیر، گلشن اقبال، ناظم آباد، لیاقت آباد، گلستان جوہر، بفر زون، شادمان ٹاون، صدر ٹاؤن، لیاری، رنچھوڑ لائن، سولجر بازار، پی ای سی ایچ سوسائٹی، لسبیلہ، گرومندر اور گارڈن کے علاقے شامل ہیں۔ جبکہ محمود آباد، منظور کالونی، قیوم آباد، ڈیفنس، کلفٹن، آئی آئی چندریگر روڈ، طارق روڈ، بہادر آباد سمیت دیگر کئی علاقے بھی بجلی کی فراہمی سے محروم ہیں۔