اوٹاوا(ویب ڈیسک) کینیڈا کے معروف گلوکار جان جیمز مک مرے کی ایک ویڈیو کی شوٹنگ کے دوران ہوائی جہاز سے گر کر موت واقع ہو گئی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق 34سالہ جان جیمز برٹش کولمبیا میں اپنے نئے گانے کی ویڈیو کی شوٹنگ کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے ایک چھوٹے جہاز
سے سینکڑوں میٹر کی بلندی پر جہاز سے باہر لٹک کر ایک خطرناک سٹنٹ کرنے کی کوشش کی۔ جب وہ جہاز کے گیٹ پر لگے ایک ڈنڈے کو پکڑ کر ہوا میں جھول رہے تھے تو ان کے ہاتھ چھوٹ گئے اور وہ اتنی زیادہ بلندی سے زمین پر آ رہے۔رپورٹ کے مطابق جان جیمز نے یہ سٹنٹ کرتے وقت پیراشوٹ پہن رکھا تھا لیکن چونکہ انہوں نے دونوں ہاتھوں سے جہاز کے ڈنڈے کو مضبوط سے پکڑ رکھا تھا چنانچہ گرتے وقت انہیں پیراشوٹ کھولنے کا موقع ہی نہیں ملا۔ جان جیمز کی مینجمنٹ ٹیم کا کہنا ہے کہ وہ اس سٹنٹ کی کئی مہینوں سے تیاری کر رہے تھے اور اس کے لیے انہوں نے بہت محنت کی تھی۔ اس سٹنٹ میں انہوں نے فضاءمیں اڑتے ہوئے جہاز کے پر کے اوپر چلتے ہوئے ریپ(Rap)بھی کرنا تھا۔ مینجمنٹ ٹیم کے مطابق وہ جہاز گیٹ پر لگے ڈنڈے سے اس کے پر کے اوپر جانے کی کوشش میں نیچے گرے۔