اسلام آباد(ویب ڈیسک ) قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف پارلیمنٹ ہائوس میں اپنے ذاتی خرچ پر اپوزیشن لیڈر چیمبر کی تزئین و آرائش کرائیں گے۔ میاں شہباز شریف نے اپنے سٹاف کو ضروری ہدایات دیدی ہیں جس کے تحت چیمبر میں اپوزیشن لیڈر آفس کا موجودہ فرنیچر،صوفے وغیرہ
سی ڈی اے کو واپس کردیا جائیگا اور لاہور سے نیا فر نیچر لایا جائیگا۔دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی نےپارلیمنٹ ہائوس میں چیمبرکے لئے سپیکر سے رجو ع کیاہے،پیپلز پارٹی اپوزیشن کی دوسری بڑی پارٹی ہے جس کے قومی اسمبلی میں 54 اور سینٹ میں 20 ارکان ہیں۔ اسپیکر سے درخواست کی گئی کہ پارلیمانی سرگرمیوں کے سلسلے میں پی پی پی کوالگ چیمبر الاٹ کیا جائے۔شہباز شریف کے اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد پارلیمنٹ ہائوس میں سید خورشید شاہ نےچیمبر خالی کردیاتھا جس کے بعد پی پی پی سینٹ میں اپوزیشن لیڈر شیری رحمن کا چیمبر استعمال کررہی تھی۔پیپلزپارٹی کےپارلیمانی لیڈربلاول بھٹو بھی اسی چیمبر میں اجلاس منعقد کرتے رہے لیکن سینٹ میں اپوزیشن لیڈر کاعہدہ مسلم لیگ (ن) کو ملنے کے بعد شیری رحمن کا چیمبر بھی راجہ ظفر الحق کو الاٹ ہوگیا ہے۔ سپیکر سےکہاگیاہے کہ ستمبر کے آخری ہفتے سے شروع ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس سے قبل پیپلزپارٹی کو الگ چیمبر الاٹ کر دیاجائے۔