راولپنڈی(ویب ڈیسک )ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں انسداد منشیات عدالت نے تمام ملزموں کو 17 ستمبر کو طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیئے اور ان کے موجودہ اور گزشتہ اثاثوں کے تقابلی جائزے کی تفصیلات بھی طلب کر لی۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت میں ایفی ڈرین کیس کی سماعت ہوئی،
علی موسیٰ گیلانی اورمخدوم شہاب الدین عدالت میں پیش ہو گئے۔عدالت میں ایفی ڈرین کوٹہ حاصل کرنے کے بعداورپہلے سے موجود اثاثوں کاکیس سنا گیا۔عدالت نے تمام ملزمان 17 ستمبرکوطلب کرتے ہوئے نوٹسزجاری کر دیئے،عدالت نے یوسف گیلانی کی اہلیہ، بیٹے علی موسیٰ ،عبدالقادرگیلانی کوبھی نوٹس جاری کر دیئے۔انسداد منشیات عدالت نے مخدوم شہاب الدین،عنصر فاروق،خوشنودلاشاری ودیگرکوبھی نوٹس جاری کرتے ہوئے ملزمان کے موجودہ اورگزشتہ اثاثوں کے تقابلی جائزے کی تفصیلات بھی طلب کر لیں،ایفی ڈرین کوٹہ کیس کی سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ راولپنڈی کی انسداد منشیات کی عدالت کے جج سردار اکرم خان کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد حنیف عباسی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ 363 کلو گرام ایفیڈرین کا درست استعمال کیا گیا جبکہ ملزم حنیف عباسی باقی ایفیڈرین کے استعمال کا ثبوت نہ دے سکے۔عدالت نے ایفیڈرین کیس کے باقی7 ملزمان کو شک کا فائدہ دے کر بری کردیا۔ عدالت نے دوپہر سوا 12 بجے سے فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے رات گیارہ بجے سنایا گیا۔انسداد منشیات فورس کے اہلکاروں نے حنیف عباسی کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا، ان کے ہمراہ رینجرز کے اہلکار بھی موجود تھے۔انسداد منشیات عدالت کے جج جسٹس محمد اکرم کے فیصلے کے بعد عدالت کے باہر مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے احتجاج کیا،
عدالت کی کھڑکی کے شیشے اور گملے بھی توڑ دیے، حنیف عباسی کارکنوں کو روکتے رہے۔خیال رہے کہ حنیف عباسی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 راولپنڈی سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار تھے اور اس حلقے سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔حنیف عباسی سزا کے بعد الیکشن کے لیے بھی نااہل ہوگئے ہیں جس کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن آف پاکستان جاری کرے گا۔انسداد منشیات عدالت کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے رد عمل میں کہا کہ ’تازہ فیصلہ آیا ہے کہ ایک اور ن لیگی اڈیالہ جیل جارہا ہے‘۔علاوہ ازیں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے رد عمل میں کہا کہ ’انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آیا، فیصلے سے الیکشن متنازع اور مشکوک ہوگئے ہیں، اس فیصلے کے حقائق جلد سامنے آئیں گے‘۔این اے 60 میں حنیف عباسی کے مدمقابل عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ’ایفی ڈرین کوٹہ کیس اپنے انجام کو پہنچ گیا،حنیف عباسی منشیات فروخت کررہا تھا، پکڑا گیا‘۔اکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے حنیف عباسی کو عمر قید سزا سنانے کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے کی ٹائمنگ بتا رہی ہے کہ فیصلہ نا انصافی پر مبنی ہے۔میاں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی عدالتوں میں ہزاروں کیس مکمل ثبوتوں کے ساتھ زیر التواء ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) کے امیدواران کے مقدمات کے فیصلوں میں خاص تیزی دکھا ئی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حنیف عباسی کا فیصلہ انصاف کے اصولوں پر مبنی نہیں، عین انتخابات سے چند دن قبل آدھی رات کو اس قدر عجلت میں فیصلہ سنانا ہی ساری کہانی بیان کر رہا ہے۔