اسلام آباد (ویب ڈیسک ) مزدوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے حکومت نے بیرون ملک کام کرنے والے اور سات سال سے وطن واپس نہ آنے والے مزدوروں کو سبسڈی دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سات سال سے وطن واپس نہ آنے والے مزدوروں کو ائیر ٹکٹ پر سبسڈی فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت مزدوروں کی فلاح و بہبود سے متعلق اجلاس میں کیا گیا جس میں “مزدورکا احساس پروگرام” کے انعقاد کی منظوری بھی دی گئی۔ پروگرام کی تقریب کل احساس پروگرام کے تحت منعقد ہو گی۔ اجلاس میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر، معاون خصوصی زلفی بخاری، فردوس عاشق اعوان، ندیم افضل چن شریک ہوئے۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ سات تک پاکستان نہ آ سکنے والے مزدوروں کو حکومت سبسڈی فراہم کرے گی۔ معاشرے کے کمزور طبقوں، مزدوروں بشمول گھروں میں کام کرنے والے افراد کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر حکومت پنجاب کی جانب سے مزدوروں کے لیے اُٹھائے جانے والے اقدامات کی تعریف بھی کی گئی۔ اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے مطابق مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے سلسلے میں اقدامات کو مرحلہ وار مکمل کیا جائے، ابتدا رجسٹریشن کے عمل سے کی جائے گئی، تاکہ تمام مزدوروں کا مکمل ریکارڈ میسر آسکے۔ اجلاس میں اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کو بریفنگ بھی دی گئی جس میں انہیں بتایا گیا کہ احساس پروگرام غربت میں کمی کے لئے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے، کمزور طبقوں کے لئے 115 سماجی فلاحی پروگرام ترتیب دیے جا رہے ہیں۔اس پروگرام کے تحت آئندہ ایک سال میں روایتی اور غیر روایتی شعبوں سے منسلک مزدوروں کی رجسٹریشن عمل میں لائی جائے گی۔ خیال رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں مزدوروں کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ اس دن کو مزدوروں کی محنت اور روزی کمانے کی ان کی سنجیدہ کوششوں کو سراہا جاتا ہے جبکہ ان کی مدد کے لیے بھی کئی پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔