کراچی: سندھ کے نامزدگورنرعمران اسماعیل نے سندھ اسمبلی کی رکنیت سے استعفا دے دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے استعفا سپیکر سندھ اسمبلی کے نام بھیجا ہے،سندھ اسمبلی کی رکنیت سے استعفا عمران اسماعیل کی جانب سے رکن سندھ اسمبلی
خرم شیر زمان نے جمع کرایااور ان کا استعفا سیکریٹری اسمبلی کے دفتر میں جمع کرایا گیاہے ۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عمران اسماعیل کو سندھ کا گورنر نامزد کیا ہے۔جبکہ دوسری جانب ایک اور خبر کےمطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے پنجاب کابینہ میں بطوروزیرحلف لینے سے پہلے اپنی کمپنیوں سے استعفا دے دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کی کابینہ میں پی پی 158سے پی ٹی آئی کے امیدوار علیم خان کو وزیربلدیات کا قلمدان دینے کا فیصلہ کیا ہے اور پنجاب کابینہ جلد اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے اسی تناظر میں پی ٹی آئی رہنما علیم خان نے پنجاب کابینہ میں بطوروزیرحلف لینے سے پہلے اپنی کمپنیوں سے استعفا دے دیاہے اور وہ عوامی عہدے کے دوران کمپنی میں کسی عہدہ پر فائز نہیں رہیں گے ۔