اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان نے دبئی میں ہونے والی ’’ایکسپو 2020‘‘ میں شرکت کے لئے باضابطہ معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں، پاکستان کی جانب سے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر معظم احمد خان اور یو اے ای کی جانب سے وزارت خارجہ امور اور عالمی تعاون کے
معاون وزیر سلطان الشمسی نے دستخط کیے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے دبئی میں ہونے والی ’’ایکسپو 2020‘‘ میں شرکت کے لئے باضابطہ معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں۔وزیر مملکت برائے عالمی تعاون و ڈی جی ایکسپو 2020رحیم الہاشمی اور وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت و پیداوار اور سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود بھی اس موقع پر موجود تھے۔ معاہدے پر دستخط کے بعد پاکستان پویلین کی تعمیر کیلئے سرگرمیاں باضابطہ شروع ہو گئیں، اس پویلین کو ایمرجنگ پاکستان کا نام دیا گیا ہے جس میں چاروں صوبوں کی نمائندگی ہے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے عبدالرزاق دائود نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ ’’کنکٹنگ مائینڈ، کریایٹنگ دی فیوچر‘‘ کے موضوع پر اس ایکسپو میں شرکت کو پاکستان سودمند دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایکسپو میں نہ صرف یو اے ای پورے خطے سے اہم کاروباری ممالک شریک ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان پویلین جو کہ پاکستان کی اصل پوٹینشل کا عکاس ہے ڈیزائن کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔وزیراعظم نے اس ایکسپو میں بھرپور شرکت کے لئے نجی اور سرکاری شعبہ کے فریقین پر مشتمل اعلیٰ سطح کی سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے گزشتہ ماہ کے دورہ اور شیخ محمد بن زید النہان سے ان کی ملاقات سے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت ملی ہے، دونوں ممالک اپنے خصوصی تعلقات کو سٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے پر رضامند ہوئے ہیں۔ اسی سلسلے میں وزیرمملکت اور ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی کے سی ای او سلطان بن احمد سلطان الجابر کی سربراہی میں 15رکنی وفد پاکستان کا دورہ بھی کر چکا ہے جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی ترقی، انفراسٹرکچر، زراعت اور پیٹروکیمیکل کے شعبوں میں تعاون بڑھانا تھا۔