لاہور ( ویب ڈیسک) نیب ٹیم نے مریم نواز کو گرفتار کر لیا ۔ مریم نواز کوٹ لکھپت جیل میں اپنے والد نواز شریف کو ملنے کوٹ لکھپت جیل گئیں تھیں۔ نیب ٹیم نے مریم نواز کو اپنی تحویل میں لے رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق انھیں کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا ۔ یاد رہے کہ نیب نے انہیں چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا جس پر انھوں نے انکار کردیا تھا۔ مریم نواز کی پیشی کی تاریخ آج کی تھی لیکن انھوں نے نیب کو جواب دینے سے انکار کردیا ۔ مریم نواز کو تحویل میں لینے کے لیے نیب لاہور کی چار گاڑیاں کوٹ لکھپت جیل پہنچیں۔ کوٹ لکھپت جیل کے باہر موجود (ن) لیگی کارکنان نے فورا احتجاج کرنا شروع کردیا۔یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں مریم نواز ا ور انکے کزنز یوسف عباس اور عبدالعزیز عباس کو آج (جمعرات) طلب کر رکھا تھا ،پنجاب یوتھ فیسٹیول انکوائری کیس میں رانا مشہود احمد خان بھی آج نیب پیش ہونگے ۔ نیب نے مریم نواز کو گزشتہ پیشی پر غیر تسلی بخش جوابات دینے پر 8اگست کو دوبارہ طلب کیا تھا ۔نیب نے مریم نواز کو غیر ملکی شیئر ہولڈرز، چوہدری شوگر ملز، شمیم شوگر اور جعلی ٹی ٹی کے ذریعے کروڑوں کی منی لانڈرنگ کا چھ نکاتی سوالنامہ جاری کر رکھا ہے ۔یوسف عباس شریف اور عبدالعزیز عباس سے 80 کڑوڑ سے زائد کے قرضہ جات سمیت دیگر سرمایہ کاری کے حوالے سے سوالات کئے جائینگے۔نیب کی جانب سے رانا مشہود احمد خان کو 6 اگست کو طلب کیا گیا تھا تاہم انہوں نے نجی مصروفیات کی وجہ سے 8اگست کو پیش ہونے کی درخواست کی تھی۔ مریم نواز کی عید قربان سے تین روز قبل گرفتاری کہہ رہی ہے کہ حکمران جماعت احتساب کا جاری سلسلہ روکنے یا آہستہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی ۔