لاہور(ویب ڈیسک) نیب نے سابق وفاقی وزیر میاں منظور وٹو کے خلاف یوٹیلٹی سٹورز میں غیر قانونی بھرتیوں کے الزامات پر انکوائری شروع کر دی ۔تفصیلات کے مطابق نیب آجکل بہت متحرک ہو چکی ہے بالخصوص جب سے جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب کی باگ ڈور سنبھالی ہے نیب نے کرپشن کے خلاف بڑا محاذ کھول دیا۔ایک جانب شریف خاندان کے خلاف کیسسز تیزی سے منطقی انجام کی جانب جا رہے تودوسری جانب دیگر کرپٹ سیاسی و سرکاری شخصیات کے خلاف تیزی سے کاروائیوں کا سلسہ جاری ہے۔اس حوالے سے مسلم لیگ ن خاصی نالاں نظر آتی ہے۔انکا موقف ہے نیب کی حالیہ کاروائیاں سیاسی انتقام سے بڑھ کر نہیں ہے۔نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد اب احتساب کا رخ شہباز شریف ، خواجہ سعد رفیق اور دیگر سیاسی شخصیات کی جانب ہوچکا ہے۔تازہ ترین خبر کے مطابق سابق وفاقی وزیر منظور وٹو بھی نیب کے ریڈار پر آگئے۔نیب کی جانب سے سابق وفاقی وزیر میاں منظور وٹو کے خلاف بھی یوٹیلٹی سٹورز میں غیر قانونی بھرتیوں کے الزامات پر انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔نیب کے مطابق میاں منظور وٹو نے سال سے 2008سے 2013 کے دوران بطور وفاقی وزیر صنعت و پیداوار یوٹیلٹی اسٹورز میں 200سے زائد ایریا مینیجرز کو غیر قانونی طور پر بھرتی کیا۔ نیب کے مطابق میاں منظور وٹو نے اپنوں کو نوازنے کے لیے دس یوٹیلٹی اسٹورز پر ایک ایریا مینیجر لگایا جبکہ اسے پہلے ایک ایریا مینیجر پندرہ یوٹیلٹی سٹورز کے معاملات کو دیکھتا تھا۔ نیب کے مطابق میاں منظوروٹو کے خلاف متعقلہ محکموں سے ریکارڈ حاصل کیا جا چکا ہے جبکہ،
جلد ہی میاں منظور وٹوکو بیان قلمبند کروانے کےلیے طلب کیا جائے گا۔ جبکہ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کے نام بلیک لسٹ میں ڈال دیئے گئے ہیں۔ سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور سابق وزیر صحت پنجاب سلمان رفیق کے خلاف پیرا گون ہاؤسنگ اسکینڈل کی تحقیقات جاری ہیں۔ نیب نے وزارت داخلہ سے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے نام بلیک لسٹ کرنے کی درخواست کی تھی۔جس کے بعد دونوں بھائیوں خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق کو بلیک لسٹ کردیا ہے جس کا ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔نیب لاہور کی جانب سے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈائریکٹوریٹ کو ایک خط تحریر کیا گیا جس میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے پاسپورٹ بلاک کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔دوسری جانب نیب نے دونوں بھائیوں کو پوچھ گچھ کے لیے طلب بھی کر رکھا ہے۔ نیب لاہور خواجہ سعد رفیق کو دو بار طلب کر چکا مگر وہ حاضر نہیں ہوئے۔نیب لاہور نے خواجہ سعد رفیق کو 16 اکتوبر کو تیسری بار طلب کیا ہے۔واضح رہے کہ خواجہ سعد رفیق 14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 131 سے ن لیگ کے امیدوار بھی ہیں جب کہ وہ اس وقت پنجاب اسمبلی کے رکن بھی ہیں۔