لاہور (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے 13 دسمبر کو حلقہ پی پی 168 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ عملے کی ڈیوٹیاں لگانے کا کام بھی مکمل کر لیا گیا۔ اس حلقہ میں ضمنی الیکشن کے لیے 83 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں واضح رہے کہ خواجہ سعد رفیق کی خالی کردہ صوبائی اسمبلی کی اس نشست پر 13 دسمبر کو الیکشن کروانے کا حکم جاری کیا گیا تھا ۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے لاہور سے صوبائی اسمبلی کے اس حلقہ میں ( ن) لیگ کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ 13 دسمبر کو ہونیوالے اس انتخاب کے لیے پی ٹی آئی کے اسد کھوکھر اور مسلم لیگ ن کے رانا خالد قادری کے درمیان مقابلہ ہے۔ پی پی پی کل مسلم لیگ ن لاہور کی قیادت سے ملاقات کے بعد حمایت کا باضابطہ اعلان کرے گی۔ یا د رہے کہ جنرل الیکشن 2018 میں خواجہ سعد رفیق نے 34 ہزار 114 ووٹ لے کر تحریک انصاف کے فیض بھٹی کو شکست دی تھی۔ پی ٹی آئی کے امیدوار نے 14 ہزار 940 اور پیپلز پارٹی نے 2 ہزار 424 ووٹ لئے تھے۔