اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم نے مشیر تجارت کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں استعمال ہونے والے درآمد شدہ آلات اور مشینری پر ڈیوٹی اور ٹیکس کی چھوٹ دینے کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے،کاروباری برادری کے لئے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اقتصادی زونز کی تکمیل سے کاروباری برادری کو کاروبار میں سہولت پیدا ہوگی، معاشی سرگرمیاں تیز ہونے سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے،اقتصادی زونز کے قیام کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور اس ضمن میں حائل رکاوٹوں کو دورکرنے کے لئے متعلقہ محکموں کے درمیان باہمی رابطے اور تعاون کو فروغ دیا جائے۔ بدھ کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں قائم کیے جانے والے خصوصی اقتصادی زونز میں اب تک پیش رفت پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیرِ توانائی عمرایوب، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان، معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی یوسف بیگ مرزا، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی، صوبائی وزیرِ صنعت پنجاب میاں محمد اسلم و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کو صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخواہ میں قائم ہونے والے مختلف اقتصادی زونزکے حوالے سے اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ علامہ اقبال انڈسٹرئیل سٹی فیصل آبادمنصوبے پر کام اس سال دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ جبکہ قائد اعظم اپیرل پارک اور بہاولپور انڈسٹرئیل اسٹیٹ مارچ 2020تک مکمل کر لئے جائیں گے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ رشاکئی اقتصادی زون کی تکمیل کا کام اگلے سال جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب کے اضلاع میں مختلف مقامات پر نئے بزنس زونز کے قیام سے لاکھوں نوجوانوں کو نوکریوں کے مواقع میسر آئیں گے۔ اجلاس میں چھوٹے اوردرمیانی درجے کے کاروبار کے فروغ کے لئے کاٹیج بزنس اینڈ ریذیڈنٹ پارکس کے قیام کی تجویز وزیرِ اعظم کو پیش کی گئی۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں صوبہ پنجاب کے دس اضلاع میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لئے کاٹیج بزنس پارک کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اس میں بتدریج اضافہ کرکے اس کا دائرہ کار دیگراضلاع تک بڑھایا جائے گا۔وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ کاٹیج بزنس اینڈ ریزیدنٹ پارک کے قیام سے جہاں مختلف شہروں کی مخصوص صنعتوں کو فرو غ حاصل ہوگا وہاں خواتین کو اپنی ہی چھت تلے کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے۔ وزیرِ اعظم کو صوبہ پنجاب میں مختلف شعبوں کے لئے خصوصی زونز مثلاً ہیلتھ سٹی کے قیام پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیرِ اعظم نے مشیر تجارت کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں استعمال ہونے والے درآمد شدہ آلات اور مشینری پر ڈیوٹی اور ٹیکس کی چھوٹ دینے کے حوالےسے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کے لئے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اقتصادی زونز کی تکمیل سے کاروباری برادری کو کاروبار میں سہولت پیدا ہوگی۔ معاشی سرگرمیاں تیز ہونے سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکموں کو ہدایت کی کہ اقتصادی زونز کے قیام کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور اس ضمن میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کے درمیان باہمی رابطے اور تعاون کو فروغ دیا جائے۔