اسلام آباد (ویب ڈیسک )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے رمضان پیکج پر عملدرآمد کی نگرانی کیلئے تشکیل دی جانے والی وزراءمبنی پانچ رکنی کمیٹی کی سربراہی سے استعفیٰ دیدیا ہے اورالزام عائد کیاہے کہ وزارت برائے انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن نے سٹور کی اشیاءکی خریدو فروخت سمیت دیگر کئی معاملات کے فیصلے خود کر لیے ہیں ۔نجی انگریزی اخبار بزنس ریکارڈر نے وزارت خزانہ کے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ شیخ رشید نے مزید کمیٹی نہ رہنے کی وجوہات وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ کو خط کے ذریعے پہنچا دی ہیں ۔ رمضان پیکج پر عملدرآمد سے متعلق پانچ رکنی کمیٹی میں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان ، وفاقی وزیر برائے وزارت منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار ، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا ، وزیراعظم عمران خان کے خصوصی مشیر برائے پٹرولیم ندیم بابر شامل تھے ۔شیخ رشید نے اپنے خط میں کہاہے کہ 17 اپریل 2019 کو ای سی سی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیاتھا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کیلئے پانچ وفاقی وزراءپر مبنی خصوصی کمیٹی رمضان پیکج کی نگرانی کرے گی ، تاہم میرے علم میں یہ بات آئی ہے کہ سٹورز میں خریدو فروخت سمیت کئی دیگر معاملات وزارت برائے انڈسٹریز اور چیئرمین یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے خود طے کر لیے ہیں ۔موجودہ صورتحال میںنگراں کمیٹی کی ضرورت نہیں ہے جس کے باعث میں اپنا نام کمیٹی سے واپس لیتاہوں اور رمضان پیکج 2019 سے متعلق تمام تر معاملات کے ذمہ دار یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے چیئرمین اور وزارت انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن ہوں گے ۔