لاہور(ویب ڈیسک) ڈاکٹر اشرف آصف جلالی کا فیس بک اکاونٹ اور یوٹیوب چینل بند کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق آسیہ بی بی کی توہین رسالت ﷺ کیس میں بریت کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کا ایک سلسلہ شروع ہوا جہاں مظاہرین نے کئی موٹرسائیکل اور گاڑیوں کو نذر آتش کیا۔
ملک میں کئی اہم شاہراہوں کو احتجاج کے پیش نظر بند کیا گیا جس پر شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ملک میں امن و امان کی صورتحال بگڑنے اور احتجاج پُر تشدد ہونے کے بعد ٹویٹر صارفین سمیت تمام سوشل میڈیا صارفین نے تحریک لبیک کے خلاف احتجاجکیا اور فیس بُک اور ٹویٹر انتظامیہ سے درخواست کی کہ خادم حسین رضوی کے اکاؤنٹس بند کر دئے جائیں۔ تاہم اب ٹویٹر انتظامیہ نے خادم حسین رضوی کا آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا ہے۔ٹویٹر اکاؤنٹ مذہبی منافرت پھیلانے اور تشدد کو فروغ دینے پر ڈیلیٹ کیا گیا۔خادم رضوی کے ٹوئیٹر اکاونٹ بند کئیے جانے کے بعد تحریک لبیک یارسولﷺ تحریک لبیک اسلام کا فیس اکاونٹ بلاک کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب اشرف آصف جلالی کا فیس بک اکاونٹ اور یوٹیوب چینل بھی بند ہو چکے ہیں۔یاد رہے کہ خادم رضوی کے ٹوئیٹر اکاونٹ کے بند ہو جانے کے بعد حکومتی موقف بھی سامنے آیا تھا جس کے مطابق خادم حسین رضوی کا ٹوئیٹر اکاونٹ ،ٹوئیٹر انتظامیہ نے از خود نہیں ڈیلیٹ کیا بلکہ پاکستانی حکومت کی درخواست پر کیا گیا تھا۔ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے سینئر حکام نے بتایا تھا کہ ہم نے نفرت انگیزی پھیلانے پر خادم حسین رضوی کا اکاؤنٹ معطل کرنے کیلئے درخواست دی تھی، اتوار کو ایک اکاؤنٹ معطل ہونے کے بعد بنایا گیا دوسرا اکاؤنٹ بھی معطل کردیا گیا۔