پشاور: پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی آصف خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ حملے میں آصف خان محفوظ رہے جبکہ ان کا گن مین زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی شب حلقہ پی کے 76 پشاور سے،
رکن خیبرپختونخواہ اسمبلی منتخب ہونے والے آصف خان اتحاد کالونی میں ایک کارکن کی والدہ کی فاتحہ خوانی کے لیے جا رہے تھے کہ رنگ روڈ پر نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی ۔ رکن اسمبلی اس قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے جبکہ ان کے ساتھ موجود کانسٹیبل ذرشاد خان پاؤس پر گولی لگنے کی وجہ سے شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ایس ایس پی آپریشنز جاوید اقبال نے بتایا کہ رکن صوبائی اسمبلی آصف خان فاتحہ خوانی کے لیے حجرے میں موجود تھے جبکہ ان کا گارڈ پولیسکانسٹیبل باہر موجود تھا جہاں نامعلوم ملزم نے اس پر فائرنگ کردی۔فائرنگ کے نتیجے میں گارڈ کے پاؤں پر چوٹ آئی۔واقعہ کے فوری بعد اعلٰی پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچے اور فائرنگ کے واقعہ کی تفتیش کا آغاز کر دیا۔ اس حوالے سے ایس ایس پی آپریشنز جاوید اقبال نے بتایا کہ نامعلوم ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے البتہ ان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما آصف خان پشاور کے حلقہ پی کے 76 سے کامیاب ہوئے تھے ۔ عام انتخابات میں آصف خان نے پی کے 76 سے 19041 ووٹس حاصل کیے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے اُمیدوار ہدایت اللہ خان 6256 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔