نئی دہلی( ویب ڈیسک ) بھارتی ریاست مہاراشتر میں کمانڈوز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ دھماکے میں 15 کمانڈوزہلاک ہوئے ہیں، حملہ ماؤ نوازعلیحدگی پسندوں نے کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آج بروز بدھ مہاراشتر کے ضلع گڈچرولی میں پولیس کمانڈوز کی گاڑی کو سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی ڈیوائس کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی میڈیا ذرائع کی جانب سے ابتدائی طور پر 15 کمانڈوز کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی تھی۔ تاہم اب ان کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے۔ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس کمانڈوز کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوکر ٹکڑے ٹکڑے ہوچکی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں نشانہ بننے والے کمانڈوز کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ان میں سے کچھ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ کچھ کمانڈوزنے اسپتال پہنچ کر دورانِ علاج دم توڑا۔ دوسری جانب آج صبح ہی ماؤ نواز نکسل علیحدگی پسندوں نے 27 مشینوں اور گاڑیوں کو اسی ضلع میں کرخیدا کے مقام پر نذر آتش کردیا تھا۔ تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔گزشتہ ماہ ایک سی آر پی ایف اہلکار بھی اسی علاقے میں نکسل علیحدگی پسندوں کے ساتھ ہونے والی جھڑپ میں مارا گیا تھا۔ اس کے علاوہ چتیش گڑھ کے علاقے ڈانٹے واڈا میں بھی گزشتہ ماہ کی بیس تاریخ کو نکسل علیحدگی پسندوں نے حملے کیے تھے۔ آئی ای ڈی ڈیوائس کی مدد سے کیے گئے حملوں میں چتیش گڑھ کی فوج کے تین جوان اور مقامی پولیس فورس کے دو جوان ہلاک ہوئے تھے جبکہ 2 جوان زخمی ہوئے تھے۔