پاکستان میں بریسٹ کینسر سے سالانہ 40 ہزار خواتین موت کا شکار ہو جاتی ہیں ، اس موذی مرض کے بارے میں آگاہی کےلیے جیو نیوز اور پنک ربن کی 3 روزہ آگاہی مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔
بریسٹ کینسر ایک ایسا مرض ہے کہ معاشرے میں اس بارے میں بات کرنا بھی آسان نہیں، خاص طور پر متاثرہ خاتون پر بہت دباؤ ہوتا ہے۔
مگر خاموشی تو جان لیوا ہو گی ، جیو نیوز اور پنک ربن کے اشتراک سے اسلام آباد کے سینٹورنس مال میں اسی خاموشی کو توڑنے کا حوصلہ دینے اور بریسٹ کینسر جیسے مہلک مرض سے متعلق آگاہی دی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں ہر 8میں سے ایک خاتون چھاتی کے سرطان میں مبتلا ہے اگر بروقت تشخیص ہو جائے تو اس مہلک مرض کا علاج ممکن ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ بریسٹ کینسر سے بچاؤکے لیے خواتین کو ورزش کرنی چاہئے ، مناسب خوراک اور خود سے اپنا معائنہ کرنا بھی ضروری ہے، اگر سینے پر یا بازو کے نیچے کوئی گلٹی یا جلد پر خراشیں محسوس ہوں تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے ۔