برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے کہا ہے کہ امریکا اور برطانیہ کے درمیان دفاع سمیت دیگر شعبوں میں بہترین تعلقات ہیں جبکہ امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بریگزیٹ برطانیہ کے لیے بہترین ہے، اس سے برطانیہ کی اپنی شناخت ہوگی، انہوں نے کہاکہ روس کے خلاف پابندیاں اٹھانے کا معاملہ ’’قبل از وقت‘‘ ہے۔
برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے وائٹ ہائوس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی، ٹرمپ نے ملکہ برطانیہ کی جانب سے رواں برس دورہ برطانیہ کی دعوت قبول کر لی ۔ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران برطانوی وزیراعظم تھریسامے کا کہنا تھا کہ امریکا اور برطانیہ کو دہشت گردی کے چیلنجز کا سامنا ہے اور دونوں ممالک مذہبی شدت پسندی کا سامنا کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات بہترین ہیں ۔اس موقع پر امریکی صدرٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے، بریگزیٹ برطانیہ کےلیےبہترین ہے، انہوں نے کہا کہ پینٹاگون کے چیف دوران تفتیش تشدد کے طریقوں پر یقین نہیں رکھتے جبکہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ اب بھی کارآمد ہیں۔دوران پریس بریفنگ صدر ٹرمپ نے روس پر عائد پابندیاں فوری نہ اٹھانے کا اشارہ بھی دیا، انہوں نے کہا کہ روس کے خلاف پابندیاں اٹھانے کا معاملہ ’’قبل از وقت‘‘ ہے۔