برج یا ستارے: ان کی خصوصیات اور ممکنہ اثرات
ستارے یعنی برج اور ان کے انسانی زندگی اور انسانی طبیعت پر کیا خصوصی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور مختلف برجوں سے تعلق رکھنے افراد کے مزاج کس طرح ایک دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں اس حوالے سے ماہرین کی مختلف اراء سننے اور پڑھنے کو ملتی ہیں۔ تھوڑے بہت اختلاف کے ساتھ کم و بیش سب ہی ماہرین علم نجوم ستاروں یا برجوں کی بنیادی خصوصیات پر متفق ہیں۔ دینی اور مذہبی طبقات فکر کے افراد ستاروں اور ان سے متعلق نظریات کی تائید نہیں کرتے۔
ماہرین علم نجوم کے ہاں برجوں یا ستاروں کی تعداد 12 ہے۔ اور ان کی خیالی شکوں کے پیش نظر ان کو بارہ مختلف ناموں سے موسوم کیا جاتا ہے۔ افراد کے ساتھ ان کا تعین تاریخ پیدائش کے حساب سے کیا جاتا ہے۔
برجوں کے نام اور ان کی خصوصیات و ممکنہ اثرات
دائرۃ البروج میں کل بارہ برج ہیں ان برجوں کے نام مندرجہ ذیل ہیں۔ برج حمل، برج ثور، برج جوزا، برج سرطان، برج اسد، برج سنبلہ، برج میزان، برج عقرب، برج قوس، برج جدی، برج دلو، برج حوت۔
تاریخ کے اعتبار سے برجوں کی تفصیلات کچھ یوں ہے
برج حمل ۔ اکیس مارچ تا بیس اپریل ۔ Aries
برج ثور ۔ اکیس اپریل تا بیس مئی ۔ Taurus
برج جوزا ۔ اکیس مئی تا اکیس جون ۔ Gemini
برج سرطان ۔ بائیس جون تا تئیس جولائی ۔ Cancer
برج اسد ۔ چوبیس جولائی تا تئیس اگست ۔ Leo
برج سنبلہ ۔ چوبیس اگست تا تئیس ستمبر ۔ Virgo
برج میزان ۔ چوبیس ستمبر تا تئیس اکتوبر ۔ Libra
برج عقرب ۔ چوبیس اکتوبر تا بائیس نومبر ۔ Scorpio
برج قوس ۔ تئیس نومبر تا بائیس دسمبر ۔ Sagittarius
برج جدی ۔ تئیس دسمبر تا بیس جنوری ۔ Capricorn
برج دلو ۔ اکیس جنوری تا انیس فروری ۔ Aquarius
برج حوت ۔ بیس فروری تا بیس مارچ ۔ Pisces
برج حمل :۔ اس کی خصوصیات اور ممکنہ اثرات
دائرۃ البروج میں برج حمل سب سے پہلا برج ہے، یہی وجہ ہے کہ اس کے زیر اثر پیدا ہونے والے افراد میں اولیت کا عنصر نمایاں ہوتا ہے اور ہو ہمیشہ سر فہرست رہنے کی کوشش کرتے ہیں اور قیادت کے منصب کے لیے ہمہ وقت تیار نظر آتے ہیں۔ انہیں دوسروں کے بجائے اپنی ذات پر بھروسہ اور اعتماد زیادہ ہوتا ہے ۔ ان کے ارادے میں اگرچہ پختگی اور عمل میں سرعت ہوتی ہے لیکن اپنی انا کی وجہ سے بسا اوقات اپنے ہی لے پریشانیاں پیدا کر دیتے ہیں۔ برج حمل سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنے غصے اور جوش پر قابو رکھنا چاہیے ۔ نیز جارحانہ رویے اور جلد بازی سے بھی اجتناب کرنا چاہیے ۔ اور جب آپ کسی ایسے شخص سے معاملہ کرنے کا فیصلہ کریں تو ان باتوں کو مد نظر رکھیں تا کہ اسے کے غصے کو بے قابو کیے بغیر معاملات بانداز احسن نمٹا سکیں۔
برج ثور :۔ اس کی خصوصیات اور ممکنہ اثرات
دائرۃ البروج میں برج ثور دوسرے نمبر پر ہے۔ اس برج کی سب سے نمایاں خصوصیت تعمیر و تخلیق ہے۔ اس سے تعلق رکھنے والے افراد اچھے فنکار اور تخلیقکار ہوتے ہیں۔ یہ بھی برج حمل کے افراد کی طرح عملیت پسند ہوتے ہیں لیکن اس برج کے خاکی مزاج ہونے کی وجہ سے اس سے متعلق افراد ہر عملیت میں افادیت کا عنصر دیکھتے ہیں۔ اگر کسی کام میں فائدہ نظر نہ آئے تو ہر گز نہیں کرتے۔ وہ قابل بھروسہ ہوتے ہیں اور کسی بھی کام میں ان پر اعتماد کیا جا سکتا ہے ۔ ثور افراد کے منفی پہلو بھی ہیں جن میں نمایاں ضد، ہٹ دھرمی اور اکھڑ پن قابل ذکر ہیں ۔ ثور سے متعلق افراد کو اپنی عادتوں اور مزاج کا وقتا فوقتا جائزہ لیتے رہنا چاہیے تا کہ منفی پہلوؤں پر قابو پانے کی کوشش کر کے وہ اپنی شخصیت کے مثبت پہلووں کو مزید نکھار سکیں۔
برج جوزا :۔ اس کی خصوصیات اور ممکنہ اثرات
اس برج سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات بے حد ذہین، حساس، اختراعی قوتوں کے مالک اور بالمعموم تنہا ئی پسند ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ تجسس، مستقل مزاجی اور وقت ضائع نہ کرنا ان کی خوبی ہے۔ دوستی اور ملنساری ان کی ایک اہم وصف ہے اور یہ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا پسند کرتے ہیں۔ ان کی سب سے بڑی خامی تذبذب اور سستی ہے۔ ایک اور خامی یہ بھی ہے کہ جوزا افراد غیر ضروری خطرات مول لیتے ہیں جس کی وجہ سے اپنے اور اپنے چاہنے والوں کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہیں۔
برج سرطان :۔ اس کی خصوصیات اور ممکنہ اثرات
دائرۃ البروج کا چوتھا برج سرطان ہے۔ اس برج سے متعلق افراد اپنے متلون المزاج، صلح جو، حساس فطرت کے مالک، کم گو، ہر وقت دوسروں کی مدد کے لیے تیار اور محبت میں ٹوٹ کر چاہنے والے ہوتے ہیں۔ مزاج میں استقلال اور اپنی ہٹ کے پکے ہوتے ہیں۔ بالخصوص اپنے نظریات کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ کرنے کے قائل نہیں ہوتے۔ اس برج سے تعلق رکھنے والی خواتین پر سکون ، حساس، بہترین کھانے پکانے کی ماہر اور موسیقی کی شوقین ہوتی ہیں۔ منفی پہلووں میں جذباتی رد عمل، ناکامیوں پر رونا ، اور ہم و اندیشے پالنا ہے۔ اور اس سے متعلق خواتین کی ایک خامی یہ ہوتی ہے کہ وہ شک بہت زیادہ کرتی ہیں۔ برج سرطان سے متعلق افراد کو چاہیے کہ اپنی منفی خصوصیات پر نظر ثانی کر کے اپنی مثبت صلاحیتیوں کو مزید بہتر بنائیں۔
برج اسد :۔ اس کی خصوصیات اور ممکنہ اثرات
برج اسد دائرۃ البروج میں پانچواں نمبر رکھتا ہے۔ اس کا عنصر آگ ہے اور اس کیا اثرات اسد افراد کے رویوں میں دیکھے جا سکتے ہیں۔ ان میں بھی مثبت اور منفی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ مثبت خصوصیات میں خود اعتماد، امن پسند، ہمدرد، محبت کرنے والا، محنتی، رحم دل ، صاف گو اور زندگی میں استحکام کے خواہش مند ہوتے ہیں۔ جبکہ منفی خصوصیات کی تعداد بھی کافی ہے جس میں سے قابل ذکر، خود غرض، جنسی بے راہ رو، دل پھینک، چالاک اور منتقم المزاج ہونا ہے۔ اس برج کی خواتین میں مہمان نوازی کی وصف خصوصی طور پر قابل ذکر ہے۔ نیز شوہر کا خیال رکھنا، اس کو خوش کرنے کے لیے کچھ بھی کر گزرنا ان کے مزاج میں شامل ہوتا ہے۔
برج سنبلہ :۔ اس کی خصوصیات اور ممکنہ اثرات
برج سنبلہ جس کا عنصر مٹی ہے یہ دائرۃ البروج کا چھٹا برج ہے۔ اس کے افراد میں ذہانت، ایمان داری، سچائی ، خوش لباسی ، قیافہ شناسی اور انتھک محنت جیسی خصوصیات نمایاں ہوتی ہیں۔ لیکن اسے ساتھ ساتھ چرب زبانی، بے جا تنقید ، ہنگامہ آرئی، سستی اور کاہلی جیسی منفی خصوصیات بھی ان افراد کی شخصیت کا حصہ ہوتی ہیں۔ اس برج سے متعلق خواتین وفا شعار، سمجھدار، ذمہ دار اور سلیقہ مند ہوتی ہیں۔ اس کا گھر آپ کو ہمیشہ صاف اور ترتیب سے ملے گا۔ ان کی ایک اور اہم خوبی یہ ہے کہ سنبلہ خواتین انتہائی حسین و دلکش ہوتی ہیں جن کے چہرے طلسماتی کشش کے حامل ہوتے ہیں۔ المختصر ظاہری و باطنی ہر دو طرح کے حسن سے مالا مال ہوتی ہیں۔
برج میزان :۔ اس کی خصوصیات اور ممکنہ اثرات
برجوں کہ دائرے میں میزاج کا نمبر ساتواں ہے اور یہ تمام برجوں میں سے سب سے زیادہ رومان پرور اور رومان پسند ہے۔ میزان افراد کی شخصیت جاذب نظر اور دلکش ہوتی ہے جو سب کو متوجہ کرتی ہے۔ صلح جویانہ رویہ اور مصالحت پسند طبیعت ایسی خصوصیات ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کی ان سے بہت توقعات ہوتی ہیں اور وہ ان کو مایوس نہیں کر سکتے۔ بسا اوقات اسی وجہ سے مسائل جنم لیتے ہیں لیکن وہ ان پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کی یہی خوبیاں ہیں جن کے باعث و تعلقات قائم کرنے اور انہیں برقرار رکھنے میں کامیاب رہتے ہیں۔ اگر اس برج کے افراد اپنی منفی خصوصیات پر قابو پا لیں تو معاشرے میں ایک بہت ہی باعزت مقام حاصل کرنے میں یقینا کامیاب ہو سکتے ہیں۔
برج عقرب :۔ اس کی خصوصیات اور ممکنہ اثرات
دائرہ بروج کے آٹھویں برج عقرب کی نسبت نشوو نما اور تخلیقی صلاحیت اور نسلی ارتقاء کی جانب کی جاتی ہے ۔ اس برج کے افراد میں روحانیت، شدت پسندی اور اقتصادات کی طرف رغبت کا عنصر نمایاں ہوتا ہے۔ ایسے افراد میں قوت برداشت بہت زیادہ ہوتی ہے، باہمت ہوتے ہیں اورخوف سے دور ہوتے ہیں۔ نیز ایسے افراد میں تجسس اور شک کے جذبات بھی وافر ہوتے ہیں شاید یہی وجہ ہے کہ عقرب کے زیر اثر افراد کو دھوکہ دینا اتنا آسان نہیں ہوتا۔ اگر منفی خصوصیات کی طرف جائیں تو ایسے افراد میں جوشیلا پن، جذباتی پن، کینہ پروری ، حسد ، طنزیہ رویہ ، جلن اور مکاری نمایاں ہیں۔
برج قوس:۔ اس کی خصوصیات اور اس کے ممکنہ اثرات
علوم نجوم کے اعتبار سے دائرہ بروج میں نواں برج قوس ہے اور اس کی ماہیت تغیر پذیری ہے۔ اس برج سے متعلق افراد متحرک، پرکشش اور تخلیقی صلاحیت کے مالک ہوتے ہیں۔ ایسے افراد قانون و آئین کی پانبدی کوپسند کرنے کے ساتھ ساتھ مذہبی معاملات میں انتہا پسندی کے قائل ہوتے ہیں۔ ایسے افراد مہم جوئی کو پسند کرتے ہیں اسی لیے ان کی رغبت کھیلوں اور جسمانی ورزش کی طرف زیادہ ہوتی ہے۔ قانونی موشگافیوں میں مہارت بھی ایسے افراد کا خاصہ ہوتا ہے ۔ اگر منفی پہلو کی جانب توجہ کریں تو شیخی، جارحیت، ضرورت سے زیادہ خود اعتمادی، اکھڑ پن اور بے توجہی قابل ذکر ہیں۔
برج جدی: ۔ اس کی خصوصیات و ممکنہ اثرات
دائرہ بروج میں دسویں نمبر پر برج جدی ہے جو اپنی ماہیت کے اعتبار سے منقلب ہے۔ اس سے متعلق افراد میں مادی خواہشات، جاہ طلبی اور عاقبت اندیشی خصوصیت کے ساتھ پائی جاتی ہیں۔ محنت، استقامت اور حصول مقصد کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل رہنا ان کی سرشت میں شامل ہوتا ہے۔ ان میں ایک خصوصیت ترقی کے موقع ضائع نہ کرنے اور ان سے فائدہ اٹھانے کی بھی ہوتی ہے جو ان کو ترقی کے اعلیٰ مدارج تک پہنچانے میں ممد و معاون ثابت ہوتی ہے۔ نیز ایسے افراد دوسروں کی بالا دستی برداشت نہیں کر سکتے اور نہ کسی اور کے زیر اثر کام کرنا ان کی طبیعت کو بھاتا ہے۔ اس برج کے افراد کے منفی پہلو شک، بد ظنی، خود غرضی ضد اور کٹ حجتی ہے۔ اگر ان منفی عناصر پر قابو پا لیں تو ان کی شخصیت قابل نمونہ بن سکتی ہے۔
برج دلو :۔ خصوصیات اور ممکنہ اثرات
دائرۃ البروج میں گیارہواں نمبر دلو کا ہے۔ دلو افراد میں ذاتی آزادی و خود مختاری بہت اہمیت رکھتی ہے۔ کسی کی جانب سے حاکمانہ طرز عمل ان کے لیے سخت ناقابل برداشت ہوتا ہے۔ ایسے افراد کی سوچ ترقی پسند ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ ایسے لوگوں روایت پسندی اور بالخصوص فرسودہ طریقوں سے سخت بیزار ہوتے ہیں۔ ان کی سوچ سے اکثر لوگوں کو اختلاف ہوتا ہے۔ قوت مشاہدہ میں بھی ایسے لوگ کمال رکھتے ہیں۔ نیز یاداشت کے میدان میں بھی یہ لوگ کئی افراد سے نمایاں ہوتے ہیں۔ ان میں نمایاں نظر آنے کی خو بھی بہت ہوتی ہے اور اسی وجہ سے یہ ہمیشہ ممتاز جگہ چاہتے ہیں۔ دلو کے منفی پہلووں میں متلون مزاجی، سرکشی اور باغیانیہ رویہ نمایاں ہیں۔
برج حوت:۔ خصوصیات اور ممکنہ اثرات
برج حوت دائرۃ البروج میں بارہویں نمبر پر ہے۔ یہ برج چونکہ دو رخا ہے اس لیے اس سے متعلق افراد بھی دوہری شخصیت کے حامل ہوتے ہیں۔ اس برج کی نمایاں خصوصیات شاعرانہ تخیلات و احساسات ہیں۔ نیز روحانیت کی جانب بھی ان کا رجحان ہوتا ہے اس لیے ان کی شخصیت میں پراسراریت بھی ہوتی ہے۔ نیز یہ افراد نفسیاتی طور پر بھی پیچیدہ ہوتے ہیں۔ ان کے مزاج و فطرت کی حساسیت ان کے لیے بہت سی تخلیقات ممکن بنا دیتی ہے اسی لیے تخلیق کے میدان میں یہ سب سے نمایاں ہوتے ہیں۔ اس برج کے افراد کے منفی پہلووں میں غیر متوازن طرز عمل، موڈی پن اور غیر یقینی کیفیات و انداز شامل ہیں۔
مختصر الفاظ میں مندرجہ بالا سطور میں تمام برجوں کی خصوصیات اور ان کے ممکنہ اثرات کا احاطہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ یہ موضوع اپنے اندر اتنی تفاصیل رکھتا ہے کہ اس کے لیے ایک کتاب کی وسعت درکار ہے۔ اور یہ بات ہمیشہ مد نظر رکھنی چاہیے کہ یہ دنیا دار العمل ہے، جس فرد نے اور جس قوم نے جتنی محنت کی اسے اتنا صلہ اور ترقی ملی