طالبان سے مذاکرات ایک دوروز میں شروع ہوجائینگے :وزیر اعظم کا راولپنڈی، اسلام آباد میٹروبس منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب
راولپنڈی،اسلام آباد( نامہ نگار،خبر نگار )وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی اورانتہا پسندی مارشل لاء اور سابقہ ادوار کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے ،طالبان کے ساتھ ایک دو روز میں مذاکرات شروع ہو جائیں گے ،قوم دعا کرے اﷲ تعالیٰ ہمیں پاکستان کے حالات کو ٹھیک کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور پاکستان میں امن سکون ہو اور پاکستان ترقی کرے ۔ڈالر کی شرح 98اور99 روپے رکھی جائے گی زیادہ نیچے آنے سے بر آمد ات کو نقصان ہو گا،25سال کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں،8سال میں 21ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی،لوڈ شیڈنگ اوردہشت گردی ختم کر دینگے ،کراچی سے لاہور موٹروے بنائیں گے ۔ اسلام آباد سے مظفر آباد ریل منصوبے پر کام ہو رہا ہے ۔نیااسلام آباد ایئر پورٹ آئندہ سال کام شروع کر دے گا ۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔ قبل ازیں انہوں نے وزیراعلیٰ شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ہمراہ میٹرو بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اورتختی کی نقا ب کشائی کی اورمنصوبے کی کامیابی کے لئے دعا مانگی۔ افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزی صوبائی وزراء راجہ محمد اشفاق سرور چوہدری تنویر اسلم چوہدری شیر علی ملک ابرار،ملک افتخار ، راجہ حنیف ، ضیا اللہ شاہ ،سینیٹرزوارکان قومی و صوبائی اسمبلی ،سابق پارٹی ٹکٹ ہولڈرز و رہنمائوں ایوان صنعت و تجارت کے عہدیدار و وکلاء خواتین اور دیگر شعبہ زندگی کی نمایاں شخصیات کے علاوہ کمشنر راولپنڈی چیئرمین سی ڈی اے , چیف کمشنر اسلام آباد1سیکرٹری اطلاعات پنجاب ڈی سی او راولپنڈی سمیت سینئر سرکاری حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ 65سال میں پاکستان ترقی کر نے کے بجائے پیچھے گیا ہے ۔پاکستان کے ہر شہر میں مسائل ہیں۔ ہمارے مسائل میں اضافہ ہو رہاہے سائوتھ کو ریا 1960میں آزاد ہوا وہ ہم سے پیچھے تھا آج وہ ترقی یافتہ ہے اسکی گاڑیاں یہاں بکتی ہیں ، موٹروے بھی انہوں نے بنائی ، ہمارے ملک میں نہ گیس ہے نہ بجلی ہے ، ڈسپلن نظر نہیں آتا ۔گزشتہ 10سے پندرہ سال میں کو ئی قابل ذکر منصوبہ شروع نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ1990میں پاکستان کے حالات بہتر تھے ، پاکستان اس خطہ میں سب سے آگے تھا۔ ہم نے اپنے پائوں پر خود کلہاڑی ماری ہے ۔ہمارے دور کے منصوبوں کا براہ راست فائدہ عوام کو حاصل ہوا ،موٹروے سے عوام کو فائدہ ہوا، نیو کلیئر پاور بننے سے ملک مضبو ط ہوا ۔پاکستان کے اندر دہشت گردی کی لہر کو ختم کر دیں گے ،چوہدری نثار اس حوالے سے دن رات کام کررہے ہیں ۔ طالبان کے ساتھ مذاکرات ایک دو روز میں شروع ہو جائیں گے ۔ملک میں بہتری آ نا شروع ہو ئی ہے ، ڈالر کو نیچے لے آئے ہیں لیکن اس کو بہت نیچے بھی نہیں لائیں گے ۔5سالوں میں ہم سرخرو ہونگے ۔میٹرو بس منصوبہ10ماہ میں مکمل ہو گا ،وزیراعلیٰ شہباز شریف کی منصوبہ کی لاگت ففٹی ففٹی سے زیادہ کر نے کی بات پر ان کو مایوس نہیں کر یں گے ، اسکے بعد ملتان جبکہ ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں بھی میٹرو بس منصوبہ شروع کرینگے ۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہے کہ آج بہت دیر کے بعد راولپنڈی کے بہت ہی بہادر باسیوں اور جذبہ پاکستانیت رکھنے والے لوگوں سے مخاطب ہوں ، جس دن وزیر اعلیٰ نے یہ کہا کہ منصوبہ اتنی تیزی سے مکمل کر لیں گے تو مجھے بہت خوشی ہوئی کہ یہ اہم منصوبہ دس ماہ میں مکمل ہوگا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ منصوبہ بہت بڑا ہے اور وقت بہت کم ہے لیکن اتنے بڑے منصوبے کو کم وقت میں مکمل کرنا شہباز شریف کا کمال ہے ۔مجھے یقین ہے کہ عوام انشاء اللہ ہر آنے والے دن میں پاکستان کے اندر مثبت تبدیلیاں دیکھیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ہم اسی دور میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کر دیں اور میں جو حالات دیکھ رہا ہوں انشاء اللہ اپنے دور میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو ہمیشہ کے لئے ختم کر دیں گے ۔ میں بتانا چاہتا ہوں کہ ہم نے 65سالوں میں اتنی بجلی پیدا نہیں کی جتنی ہم اگلے چار سالوں میں پیدا کرنے کی پوزیشن میں آ جائیں گے ۔ 65سالوں میں ہم نے 17ہزار میگا واٹ بنائے انشا ئاللہ اگلے سات سے آٹھ سالوں میں ہم 21ہزار میگا واٹ پیدا کریں گے ۔ ہم دو چار سالوں کی بات نہیں کر رہے بلکہ ہم بیس سے پچیس سال آگے دیکھ ر ہے ہیں۔ قوم دعا کرے کہ ہم دہشتگردی کی لہر کو ختم کر دیں ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اپنے خطاب میں کہاکہ میٹرو بس سروس پبلک ٹرانسپورٹ سیکٹر میں انقلاب لائے گی، جن تاجروں کی جائیداد،زمین اور دکانیں ایکوائر کی جا ئینگی انہیں مارکیٹ ریٹ کے مطابق ادائیگیاں کی جائیں گی ،قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے پاکستان کو فلاحی مملکت بنانے کے جو خواب دیکھے تھے ، ان کی تکمیل کیلئے پاکستان کے 18 کروڑ عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو تیسری بار خدمت کا موقع فراہم کیا ہے ۔ میٹرو بس منصوبے کی مخالفت کرنے والوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا اور لمبی گاڑیوں پر سفر کرنے والوں کی نسبت میٹرو بس پرسفر کرنے والے پہلے اسلام آباد پہنچیں گے ۔ پاکستان کے موجودہ حالات دیکھ کر آزادی کیلئے جدوجہد کرنے والوں کی روحیں تڑپ رہی ہوں گی کہ آج پاکستان کس حال میں ہے لیکن ہم پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے ترقی کے وژن کو محنت اور لگن سے تسلسل کے ساتھ آگے بڑھائیں گے اور عوام کی خدمت اور ترقی کا مشن جاری رکھیں گے ۔ بعد ازاں وزیر اعظم سے وزیر داخلہ چو ہدری نثار علی خان نے ملاقات کی اور گزشتہ روز پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں حکومتی اورطالبان کمیٹیوں کے فیصلوں سے آگاہ کیا، ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے حکومت اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات کے لئے مجوزہ مقام کی منظوری دے دی ہے اوروزیراعظم نے اس حوالے سے بعض احکامات بھی جاری کئے ہیں ۔وزیر اعظم نے مذاکراتی عمل کے سلسلے میں وزیر داخلہ کی کاوشوں کی تعریف کی ۔ ذرائع کے مطابق محفوظ مقام کے حوالے سے بعض انتظامی نوعیت کے فیصلوں اور اقدامات کی منظوری دی گئی ہے سرکاری کمیٹی کی مذاکرات کے لئے روانگی کی بھی اطلاعات ہیں، مذاکرات میں طالبان مذاکراتی کمیٹی کے اراکین معاونین اور ضامنوں کی حیثیت سے موجود ہونگے ۔